
پچھلے ماہ وزارت مذہبی امور نے حج رجسٹریشن کے عمل کا آغاز کیا تھا، جو 9 جولائی تک جاری رہنا تھا۔
تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار پاکستانیوں نے 2026 میں حج کی ادائیگی کے لیے رجسٹریشن مکمل کر لی ہے۔ رجسٹریشن کی آخری تاریخ آج (نو جولائی کو) ختم ہو رہی ہے۔
عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق پچھلے ماہ وزارت مذہبی امور نے حج رجسٹریشن کے عمل کا آغاز کیا تھا، جو 9 جولائی تک جاری رہنا تھا۔ مقررہ مدت ختم ہونے کے بعد عازمین سرکاری اور نجی حج اسکیموں میں سے کسی ایک کا انتخاب کر سکیں گے۔
عازمینِ حج 15 نامزد بینکوں کے ذریعے رجسٹریشن کروا سکتے ہیں اور صرف وہی افراد اگلے سال حج کی ادائیگی کے اہل ہوں گے جنہوں نے رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا ہوگا۔ رجسٹریشن کے مرحلے پر کوئی فیس درکار نہیں ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کی منگل کو شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق حج 2026 کی لازمی رجسٹریشن میں صرف ایک دن باقی ہے۔ اب تک تقریباً 2 لاکھ 50 ہزار پاکستانیوں نے رجسٹر کرلیا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ لوگ آن لائن بھی درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں، جبکہ حج 2026 کے اخراجات اور دیگر شرائط و ضوابط بعد میں حج پالیسی کے تحت جاری کیے جائیں گے۔
رجسٹریشن ان عازمین کے لیے بھی لازمی قرار دی گئی ہے جو اس سال نجی اسکیم میں رہ گئے تھے۔
حج 2025 کے لیے سعودی عرب نے پاکستان کو 1 لاکھ 79 ہزار 210 افراد کا کوٹہ دیا تھا، جسے سرکاری اور نجی حج اسکیم کے درمیان برابر تقسیم کیا گیا تھا۔
لیکن نجی اسکیم کا بڑا حصہ استعمال نہیں ہو سکا کیونکہ کچھ کمپنیوں نے وقت پر ادائیگی اور رجسٹریشن مکمل نہیں کی۔
نجی حج آپریٹرز نے اس مسئلے کی وجہ ادائیگی کے سسٹم میں خرابی اور رابطے کی کمی کو قرار دیا۔