
ٹرمپ کی ترجمان لیوٹ کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ مسلسل اسرائیلی حکومت سے رابطے میں ہے اور غزہ جنگ کا خاتمہ اور حماس کی قید میں موجود باقی یرغمالیوں کی رہائی صدر ٹرمپ کی اولین ترجیح ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 7 جولائی کو اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کریں گے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ ملاقات ایسے وقت ہو رہی ہے جب صدر ٹرمپ اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ میں جنگ بندی اور باقی رہ جانے والے یرغمالیوں کی رہائی کے لیے زور دے رہے ہیں۔
ٹرمپ کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے پیر کو پریس بریفنگ میں بتایا کہ اسرائیلی وزیراعظم کے مشیر رون ڈرمر اس ہفتے واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے حکام سے ملاقات کر رہے ہیں۔
ایک اسرائیلی اہلکار نے بھی اس ملاقات کی تصدیق کی اور بتایا کہ دونوں رہنما ایران، غزہ، شام اور دیگر علاقائی چیلنجز پر بات کریں گے۔
صدر ٹرمپ نے اتوار کو سوشل میڈیا پر کہا کہ ’غزہ سے متعلق کوئی ڈیل کریں، یرغمالیوں کو واپس لائیں۔‘
اس بیان کے اگلے دن اسرائیل نے غزہ پر حملے مزید تیز کر دیے، جن میں پیر کے روز کم از کم 60 فلسطینی جاں بحق ہوئے۔ جو حالیہ ہفتوں میں سب سے شدید حملے تھے۔
ٹرمپ کی ترجمان لیوٹ کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ مسلسل اسرائیلی حکومت سے رابطے میں ہے اور غزہ جنگ کا خاتمہ اور حماس کی قید میں موجود باقی یرغمالیوں کی رہائی صدر ٹرمپ کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ اور اسرائیل دونوں سے آنے والی تصاویر دل دہلا دینے والی ہیں، لیکن ٹرمپ کی سب سے بڑی ترجیح یرغمالیوں کو بازیاب کرانا ہے۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل کے حالیہ فوجی حملوں میں اب تک 56 ہزار سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں زیادہ تر عام شہری ہیں۔ ان حملوں کی وجہ سے 23 لاکھ آبادی بے گھر ہوگئی ہے۔