افریقی ملک گیمبیا میں البائراک گروپ کے زیرِ انتظام گہرے سمندر کی بندرگاہ کا سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا

06:397/07/2025, Pazartesi
جنرل7/07/2025, Pazartesi
ویب ڈیسک
البائراک گروپ نے اس منصوبے کا بین الاقوامی ٹینڈر گزشتہ سال جیتا تھا، اور فروری 2025 میں بنجول بندرگاہ کی ذمہ داریاں سنبھال لی تھیں۔
تصویر : پریس / البائراک
البائراک گروپ نے اس منصوبے کا بین الاقوامی ٹینڈر گزشتہ سال جیتا تھا، اور فروری 2025 میں بنجول بندرگاہ کی ذمہ داریاں سنبھال لی تھیں۔

یہ میگا انفراسٹرکچر منصوبہ ترکیہ کے البائراک گروپ کی جانب سے گیمبیا حکومت کے ساتھ 30 سالہ معاہدے کے تحت شروع کیا جا رہا ہے۔

افریقی ملک گیمبیا کے ساحلی علاقے سینیانگ میں گہرے سمندر کی نئی بندرگاہ کی تعمیر کے لیے سنگِ بنیاد کی تقریب منعقد ہوئی۔ یہ میگا انفراسٹرکچر منصوبہ ترکیہ کے البائراک گروپ کی جانب سے گیمبیا حکومت کے ساتھ 30 سالہ معاہدے کے تحت شروع کیا جا رہا ہے۔

منصوبے کا مقصد بنجول شہر کے اندر موجود بندرگاہ کو سینیانگ کے ساحلی علاقے میں منتقل کرنا ہے، جہاں ایک نئی اور جدید گہری سمندری بندرگاہ بنائی جائے گی۔ اس موقع پر ہونے والی سرکاری تقریب گیمبیا کے صدر آداما بیرو اور اُن کی اہلیہ فاطومتہ باہ بیرو کی نگرانی میں منعقد ہوئی۔

تقریب میں گیمبیا کے وزیرِ ٹرانسپورٹ و انفراسٹرکچر ابریما سیلہ، ترکی کے بنجول میں سفیر فہری ترکیر اوبا، کئی وزرا اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔ البائراک گروپ کی جانب سے نائب چیئرمین نوری البائراک اور بورڈ کے رکن محمد فاتیح البائراک موجود تھے۔



یہ تقریب مقامی لوگوں کی بڑی تعداد کی توجہ کا مرکز بنی۔ نئی بندرگاہ ملک کی معیشت کو مضبوط بنانے اور روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

البائراک گروپ نے اس منصوبے کا بین الاقوامی ٹینڈر گزشتہ سال جیتا تھا، اور فروری 2025 میں بنجول بندرگاہ کی ذمہ داریاں سنبھال لی تھیں۔ گروپ نے بندرگاہ کی مکمل ذمہ داری لینے سے پہلے ہی اپنی سرمایہ کاری پر کام شروع کر دیا تھا۔

اس قلیل مدت میں کنٹینر آپریشنز میں 70 فیصد اور نان کنٹینر مال برداری میں 37.5 فیصد بہتری حاصل کی گئی۔ جو بندرگاہ کی تاریخ کا ایک غیرمعمولی سنگ میل ہے۔ اس دوران سمندر میں انتظار کرتی تمام کارگو بحری جہازوں کی قطار بھی ختم کر دی گئی۔

البائراک گروپ بندرگاہ کے کاموں میں بہتری اور رفتار پر خاص توجہ دے رہا ہے تاکہ بنیادی ضروریات کی اشیاء کی نقل و حمل کے اخراجات کم ہوں۔ اس سے گیمبیا کے عوام کی خریداری کی صلاحیت بڑھے گی اور زندگی کا معیار بہتر ہوگا۔ کمپنی نے بنجول بندرگاہ کی جدید کاری کے تحت پہلے ہی جدید مشینری لگا دی ہے۔

سینیانگ کی یہ نئی بندرگاہ البائراک گروپ کی آٹھویں بین الاقوامی بندرگاہ ہوگی۔ اس سے پہلے کمپنی صومالیہ (موغادیشو)، گنی (کونا کری)، آذربائیجان (باکو)، کانگو (پوائنٹ نوار)، استوائی گنی (باتا اور مالابو) اور گیمبیا (بنجول) میں بندرگاہیں چلا رہی ہے، جبکہ ترکیہ کے شہر ترابزون میں بھی ایک بندرگاہ شامل ہے۔

اس منصوبے پر کل 605 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔ جس میں 25 ملین ڈالر موجودہ بندرگاہ کی بہتری پر اور 580 ملین ڈالر نئی سینیانگ بندرگاہ کی تعمیر پر خرچ ہوں گے۔

نئی بندرگاہ بنجول شہر میں موجود ٹرکوں اور کنٹینرز کی وجہ سے پیدا ہونے والی شدید ٹریفک کا مسئلہ بھی حل کرے گی، جس سے نہ صرف اقتصادی بلکہ سماجی مشکلات بھی پیدا ہو رہی تھیں۔ البائراک گروپ نے پہلے مرحلے میں بندرگاہ کے اندر ٹرک پارکنگ کی سہولت فراہم کر کے مسئلہ کم کرنے کی کوشش کی تھی، لیکن اب گیمبیا حکومت کے ساتھ مل کر بندرگاہ کو مکمل طور پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نئی بندرگاہ کی تعمیر مرحلہ وار ہوگی اور بنجول سے موجودہ آپریشنز بھی اسی ترتیب سے سینیانگ منتقل کیے جائیں گے۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد یہ بندرگاہ نہ صرف گیمبیا بلکہ آس پاس کے زمینی راستے سے محروم ممالک کو بھی تجارتی اور لاجسٹک سہولیات فراہم کرے گی اور پورے خطے کے لیے ایک اہم مرکز بن جائے گی۔

جب بندرگاہ کو سینیانگ منتقل کر دیا جائے گا، تو البائراک گروپ گیمبیا حکومت کے ساتھ مل کر بنجول میں موجود پرانی بندرگاہ کے مقام پر ایک نیا منصوبہ شروع کرے گا، جس میں رہائشی و تجارتی عمارتیں، سیاحتی مرینا، کروز ٹرمینل، اور ثقافتی و تفریحی سہولیات شامل ہوں گی۔


#ترکیہ
#افریقا
#البائراک گروپ