
پاکستان کی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے افغانستان کی سرحد پر 30 مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے جو پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
جمعے کو فوج کے ترجمان ادارے ’آئی ایس پی آر‘ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے قریب مسلح افراد کی نقل و حرکت نوٹ کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ "انڈین اسپانسرڈ خوارج" تھے جن سے اچھی طرح نمٹا گیا اور تمام 30 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
بیان میں طالبان حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ غیر ملکی پراکسیز کو افغان سرزمین استعمال کر کے پاکستان پر حملے کرنے سے روکے اور اس کے لیے مضبوط اقدامات کرے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات پاکستان کی خود مختاری کی خلاف ورزی ہیں جن کا فوری تدارک کیا جانا چاہیے۔
افغانستان یا انڈیا کی جانب سے ان الزامات پر فی الحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔