غزہ میں آج 30 فلسطینی ہلاک، اسرائیل کا ڈرون میزائلوں میں کیلوں کا استعمال

14:2918/07/2025, جمعہ
جنرل18/07/2025, جمعہ
ویب ڈیسک
اسرائیلی بمباری کے شکار اس علاقے کا ہیلتھ سسٹم تباہ ہو چکا ہے
تصویر : اے ایف پی / فائل
اسرائیلی بمباری کے شکار اس علاقے کا ہیلتھ سسٹم تباہ ہو چکا ہے

اسرائیل نے غزہ سٹی اور جنوبی غزہ کے علاقے المواسی میں بے گھر فلسطینیوں کے خیموں کو نشانہ بنایا ہے۔

آج (جمعے کی) صبح سے اب تک اسرائیلی حملوں میں غزہ میں 30 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔

اسرائیلی بمباری کے شکار اس علاقے کا ہیلتھ سسٹم تباہ ہو چکا ہے، جہاں روزانہ بڑی تعداد میں زخمی لائے جا رہے ہیں اور ڈاکٹروں کو یہ فیصلہ کرنا پڑ رہا ہے کہ پہلے کس کا علاج کیا جائے۔

جنوبی غزہ کے علاقے المواسی میں اسرائیلی حملے میں بے گھر فلسطینیوں کے خیموں کو نشانہ بنایا گیا۔ حملے کے بعد شدید آگ بھڑک اٹھی اور کم از کم پانچ افراد، جن میں شیر خوار بچے بھی شامل ہیں، ہلاک ہو گئے۔ المواسی کو متعدد بار اسرائیلی حملوں کا نشانہ بنایا جا چکا ہے۔

ہلاکتوں میں اُن سات افراد بھی شامل ہیں جو امداد کی تلاش میں تھے۔

الجزیرہ کے مطابق، ڈرون میزائلوں میں کیل اور دھاتیں ہوتی ہیں جو زور سے پھٹتی ہیں اور جسم میں اندرونی چوٹیں پہنچاتی ہیں۔

رپورٹر ہانی محمود نے کہا کہ یہ حملے رش والی جگہوں، بازاروں اور پانی لینے کے لیے انتظار میں کھڑے فلسطینیوں پر کیے جا رہے ہیں۔


’اب کیا کریں؟ گھر پر مر جائیں؟‘

غزہ میں جاری اسرائیلی محاصرے نے اسپتالوں کو اس حال میں پہنچا دیا ہے کہ ڈاکٹرز کو فیصلہ کرنا پڑتا ہے کہ کس مریض کا علاج پہلے کریں۔

الجزیرہ سے بات کرتے ہوئے ڈائلیسز کے مریض نے کہا کہ ’جنگ سے پہلے میں ہفتے میں تین بار چار گھنٹے کا ڈائلیسز کرواتا تھا، سب بہتر تھا۔ اب تو اسپتال آنا بھی مشکل ہے، کیونکہ کھانا بھی نہیں مل رہا۔‘

الشفا اسپتال میں اب ڈائلیسز کا دورانیہ اور تعداد کم ہو چکی ہے، جس سے کئی مریضوں کی جان کو خطرہ ہے۔

ایک بزرگ خاتون نے بتایا کہ ’اتنی تھکن کے بعد بھی کبھی علاج نہیں ملتا۔ مجھے دل، شوگر اور بلڈ پریشر کے مسائل ہیں، دوا بھی ٹھیک نہیں۔ اب کیا کریں؟ گھر پر مر جائیں؟‘

اسپتال کے انجینیئرنگ شعبے سے زیاد ابو حمیدان نے بتایا کہ ’ایندھن نہ ہونے کی وجہ سے بجلی بند کر دی گئی ہے، صرف چند شعبے ہی چل رہے ہیں۔‘



#مشرق وسطیٰ
#اسرائیل
#جنگ