
قدرتی آفات سے نمٹنے کے وفاقی ادارے این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کے باعث پیش آنے والے حادثات میں 63 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہو گئے ہیں۔

بدھ کی رات چکوال کے علاقے میں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں 400 ملی میٹر سے بھی زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

منڈی بہاؤالدین کے علاقے میں بھی تقریباً 210 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ جہلم اور شیخوپورہ میں بھی بارشوں سے سیلابی صورتِ حال پیدا ہو گئی ہے۔

محکمۂ موسمیات نے راولپنڈی کے بعض نشیبی علاقوں کے لیے سیلاب کی وارننگ جاری کر دی ہے جن میں گوالمنڈی اور نالہ لئی کے علاقے شامل ہیں۔

ملک میں جاری شدید بارشوں کے باعث اگلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں سیلابی صورتحال جبکہ ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

راولپنڈی اور اسلام آباد میں اگلے 24 سے 48 گھنٹوں تک وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔

پنجاب بھر میں 800 سے زائد ریسکیو بوٹس 15000 سے زائد ریسکیورز مون سون اور فلڈ اپریشن کے لیے ہائی الرٹ پر ہیں۔

ترجمان ریسکیو پنجاب کا کہنا ہے کہ اس وقت جہلم فلیش فلڈ میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

راولپنڈی کے ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر میں ایک دن کی چھٹی کا اعلان کیا ہے اور عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر اپنے گھروں سے نہ نکلیں۔