اسرائیل شام کو انتشار کا میدان بنانا چاہتا ہے، دروز شہریوں کا تحفظ ہماری پہلی ترجیح ہے: عبوری صدر احمد الشراع

11:3717/07/2025, Perşembe
جنرل17/07/2025, Perşembe
ایجنسی
بدھ کو دمشق پر اسرائیل کے طاقتور فضائی حملوں کے بعد پہلی بار خطاب کیا۔
تصویر : روئٹرز / فائل
بدھ کو دمشق پر اسرائیل کے طاقتور فضائی حملوں کے بعد پہلی بار خطاب کیا۔

الشراع نے کہا کہ ’ہم کسی بیرونی قوت کے اثر کو قبول نہیں کریں گے‘۔

اسرائیلی حملوں کے بعد اپنے پہلے خطاب میں شام کے عبوری صدر احمد الشراع نے اسرائیل پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ شام کو ’انتشار کا میدان‘ بنانا چاہتا ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق انہوں نے کہا کہ دروز شہریوں کا تحفظ اور ان کے حقوق کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اپنے جمعرات کے روز کیے گئے ٹیلی وژن خطاب میں الشراع نے اعلان کیا کہ جنوبی شہر سویدہ میں فرقہ وارانہ تشدد روکنے اور امن قائم رکھنے کے لیے مقامی رہنما اب سیکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سوییدہ، جو دروز آبادی پر مشتمل ہے، میں دروز جنگجوؤں، بدو قبائل اور شامی فوج کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں اور دمشق پر اسرائیل نے فضائی حملے بھی کیے۔

اسرائیل نے بدھ کو دمشق میں صدارتی محل اور فوجی ہیڈکوارٹر پر حملے کرتے ہوئے شام کو خبردار کیا کہ اگر اس نے جنوبی شہر سے فوج واپس نہ بلائی اور دروز برادری پر حملے نہ روکے تو کارروائیاں بڑھا دی جائیں گی۔

عبوری صدر احمد الشراع نے کہا کہ ’دروز ہمارے بھائی ہیں، ان پر حملہ کرنے والوں کا احتساب کیا جائے گا۔ ان کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔‘

انہوں نے دروز کمیونٹی کو قوم کا اہم حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’آپ کے حقوق اور آزادی کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہم کسی کو بھی، چاہے وہ اندرونی ہو یا بیرونی، قوم میں تفریق ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔‘

الشراع نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں کی سیکیورٹی اب مقامی مذہبی رہنماؤں اور گروہوں کے سپرد کی جائے گی تاکہ امن قائم کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم ان لوگوں میں سے نہیں جو جنگ سے خوفزدہ ہوں۔ ہم نے اپنی پوری زندگی چیلنجز کا سامنا کرنے اور اپنے عوام کا دفاع کرتے ہوئے گزاری ہے، لیکن ہم نے شامی عوام کے مفادات کو انتشار اور تباہی پر ترجیح دی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ شامی عوام جنگ سے نہیں ڈرتے اور اگر ان کی عزتِ نفس کو خطرہ لاحق ہوا تو وہ لڑنے کے لیے تیار ہیں۔


#مشرق وسطیٰ
#شام
#اسرائیل