پاکستان میں خواتین کو مردوں کے مقابلے میں بہت کم تنخواہیں دی جاتی ہیں: رپورٹ انٹرنیشنل لیبر آرگنازیشن

14:2117/07/2025, جمعرات
جنرل17/07/2025, جمعرات
ویب ڈیسک
پاکستان میں مردوں اور عورتوں کی کمائی کا فرق دوسرے کئی ملکوں سے زیادہ ہے۔
تصویر : سوشل / فائل
پاکستان میں مردوں اور عورتوں کی کمائی کا فرق دوسرے کئی ملکوں سے زیادہ ہے۔

انٹرنیشنل لیبر آرگنازیشن کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں خواتین کو مردوں کے مقابلے میں کم تنخواہیں دی جاتی ہیں۔

’پاکستان جینڈر پے گیپ رپورٹ 2025‘
کے مطابق پاکستان میں خواتین اور مردوں کی تنخواہوں میں فرق (جینڈر پے گیپ) فی گھنٹہ اجرت کی بنیاد پر تقریباً 25 فیصد جبکہ ماہانہ اجرت کی بنیاد پر 30 فیصد ہے۔

بین الاقوامی معیار کے لحاظ سے بھی پاکستان میں تنخواہوں کا یہ فرق بہت زیادہ ہے۔ موازنہ کیا جائے تو پاکستان جیسے درمیانی آمدنی والے ملکوں میں مہینے کی تنخواہ میں مرد اور عورت کی کمائی کا فرق اوسطاً 21 فیصد ہوتا ہے، جبکہ ایک گھنٹے کے حساب سے یہ فرق 17 فیصد ہوتا ہے۔

یعنی پاکستان میں مردوں اور عورتوں کی کمائی کا فرق دوسرے کئی ملکوں سے زیادہ ہے۔

پاکستان میں نہ صرف مرد اور عورت کی تنخواہوں میں بڑا فرق ہے، بلکہ خواتین کی ملازمت کی شرح بھی بہت کم ہے۔

2021 میں صرف 23 فیصد خواتین کام کر رہی تھیں، جبکہ 79 فیصد مرد ملازمت کر رہے تھے۔ یعنی خواتین اور مردوں کے درمیان 56 فیصد کا فرق تھا، جو جنوبی ایشیا کے دوسرے ملکوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ملازمت کرنے والوں میں خواتین کا حصہ صرف 13.5 فیصد ہے۔ یعنی ہر 100 ملازمین میں صرف تقریباً 13 سے 14 خواتین ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جو خواتین ملازمت کر رہی ہیں، اُن کی تعلیمی قابلیت اکثر مردوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتی ہے۔ اس کے باوجود خواتین کی مجموعی شمولیت کم ہے۔


#پاکستان
#خواتین
#ملازمت