
پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کے باعث پیش آنے والے حادثات میں 63 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہو گئے ہیں۔
پاکستان کے صوبۂ پنجاب میں مون سون کی موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ بدھ کی رات چکوال کے علاقے میں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں 400 ملی میٹر سے بھی زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
ہنگامی حالت سے نمٹنے کے صوبائی ادارے (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ ضلع چکوال میں 400 ملی میٹر سے بھی زیادہ بارش صرف 10 گھنٹوں کے دوران ہوئی جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں سیلابی صورتِ حال پیدا ہوگئی۔ علاقے میں موجود بعض چھوٹے ڈیم اوور فلو ہو گئے جب کہ بارش کا پانی کٹاس راج کے تاریخی مندر میں بھی داخل ہو گیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کے باعث پیش آنے والے حادثات میں 63 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ اموات مختلف اضلاع میں ہوئی ہیں جن میں لاہور، فیصل آباف، اوکاڑہ، ساہیوال اور پاک پتن شامل ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق اس مون سون سیزن میں پنجاب میں اب تک 103 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
اسی طرح منڈی بہاؤالدین کے علاقے میں بھی تقریباً 210 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ جہلم اور شیخوپورہ میں بھی بارشوں سے سیلابی صورتِ حال پیدا ہو گئی ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی تیز بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ جیو نیوز کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں 230 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔ محکمۂ موسمیات نے راولپنڈی کے بعض نشیبی علاقوں کے لیے سیلاب کی وارننگ جاری کر دی ہے جن میں گوالمنڈی اور نالہ لئی کے علاقے شامل ہیں۔
راولپنڈی کے ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر میں ایک دن کی چھٹی کا اعلان کیا ہے اور عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر اپنے گھروں سے نہ نکلیں۔