
عراق کے شہر کوت کے ایک ہائپر مارکیٹ میں آگ لگنے سے 60 افراد ہلاک اور کئی لوگ لاپتہ ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق شہر کے محکمہ صحت کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ’59 لاشوں کی شناخت ہوگئی ہے۔ ابھی مزید لاشیں ملبے تلے دبی ہوئی ہیں جنہیں نکالا نہیں جا سکا۔‘
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کوت شہر میں ایک پانچ منزلہ عمارت کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، جہاں فائر فائٹرز رات بھر آگ پر قابو پانے کی کوشش کرتے رہے۔
صوبے واسط کے گورنر محمد المیاحی نے بتایا کہ آگ ایک ہائپر مارکیٹ اور ریسٹورنٹ میں لگی، جہاں لوگ خریداری کر رہے تھے اور کھانے میں مصروف تھے۔
گورنر کے مطابق فائر فائٹرز نے کئی افراد کو بچایا اور آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔
واقعے پر تین روزہ سوگ اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق تحقیقات کے نتائج 48 گھنٹوں میں جاری کیے جائیں گے۔
سرکاری خبر رساں ادارے آئی این اے کے مطابق گورنر نے بتایا کہ ’عمارت اور مال کے مالک کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔‘