اسرائیل کی غزہ میں اسکول پر بمباری، بچوں سمیت 16 فلسطینی ہلاک

06:498/07/2024, پیر
جنرل11/07/2024, جمعرات
AFP
ویب ڈیسک
فلسطینیوں نے اسرائیلی بمباری سے بچنے کے لیے اسکول میں پناہ لی تھی۔
فلسطینیوں نے اسرائیلی بمباری سے بچنے کے لیے اسکول میں پناہ لی تھی۔

اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس کی فضائیہ نے الجعونی اسکول میں ’دہشت گردوں کو نشانہ بنایا‘۔

غزہ میں اقوام متحدہ کے زیر انتظام اسکول (جہاں بے گھر لوگ پناہ لیے ہوئے تھے) پر اسرائیل نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں کم از کم 16 فلسطینی ہلاک ہو گئے ہیں۔


غزہ کے سرکاری میڈیا آفس نے بتایا کہ اسرائیل کی علاقے پر گولہ باری جاری ہے۔


سرکاری میڈیا آفس نے کہا کہ وسطی غزہ کے نصیرات پناہ گزین کیمپ میں الجونی اسکول پر حملے میں 75 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔


بیان میں مزید کہا گیا کہ ’ہم اسرائیلی کی جانب سے عام شہریوں، بچوں اور خواتین کے خلاف قتل عام کی مذمت کرتے ہیں۔


ایک خاتون نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ جب عمارت کو نشانہ بنایا گیا تو کچھ بچے اس وقت ہلاک ہوئے جب وہ قرآن پاک پڑھ رہے تھے۔


انہوں نے کہا کہ یہ چوتھی بار ہے جب انہوں نے بغیر کسی وارننگ کے اسکول کو نشانہ بنایا ہے۔‘


سات اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 38 ہزار 98 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں، اس کےعلاوہ علاقے میں لوگوں کو خوراک، پانی، ادویات اور دیگر انسانی امداد کی شدید قلت کا سامنا ہے۔


ہفتے کے روز اسرائیلی فوج کی جانب سے علاقے پر بمباری کے نتیجے میں 5 صحافیوں سمیت درجنوں فلسطینی ہلاک ہو گئے تھے۔ رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز کے مطابق 7 اکتوبر کے حملوں کے بعد سے غزہ میں 100 سے زیادہ صحافی اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔


حماس نے کہا کہ 5 تازہ ترین ہلاکتوں کے بعد ہلاک صحافیوں کی تعداد 158 ہو گئی ہے۔


اسکول پر ہونے والے تازہ حملے کی درد ناک فوٹیجز سوشل میڈیا پر گردش کررہی تھیں، دیر البلاح میں واقع الاقصیٰ شہداء اسپتال کی فوٹیجز میں بچوں اور نوجوانوں کو ایمبولینسوں سے لے جایا جا رہا ہے۔


ہفتے کی رات سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے ایک بیان میں اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس کی فضائیہ نے الجعونی اسکول کے علاقے میں ’دہشت گردوں کو نشانہ بنایا‘۔


الجزیرہ کے مطابق سینکڑوں فلسطینی خاندانوں نے اسرائیل کی بمباری سے بچنے کے لیے مجبوراً اسکول میں پناہ لی تھی۔


#Gaza
#Middle East
#Israel
#United Nation
#War
#Hamas
#Israel-Gaza war