
اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے واشنگٹن ڈی سی کے دورے کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ’گولڈن پیجر‘ تحفے میں دیا۔
نیتن یاہو نے کہا کہ یہ پیجر ’جنگ میں ایک اہم موڑ‘ کی علامت ہے، جب اسرائیل نے ستمبر 2024 میں حزب اللہ کے خلاف آپریشن کیا تھا۔
اس آپریشن میں اسرائیل نے ایران کے حمایت یافتہ عسکری گروہ کے ارکان کے زیر استعمال پیجرز کو نشانہ بنایا۔ اس حملے میں حزب اللہ کے زیر استعمال کئی پیجرز پھٹے تھے۔
ان حملوں میں درجنوں افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے تھے۔ اسرائیل کا کہنا تھا کہ وہ صرف حزب اللہ کے ارکان کو نشانہ بنانا چاہتے تھے لیکن لبنانی حکام کے مطابق عام شہری بھی اس سے متاثر ہوئے تھے۔