ایک ارب ڈالر کے کلائمیٹ فنانسنگ پر مذاکرات کے لیے آئی ایم ایف کا وفد پاکستان پہنچ گیا

11:0524/02/2025, پیر
جنرل24/02/2025, پیر
ویب ڈیسک
آئی ایم کا  وفد 24 سے 28 فروری تک پاکستان میں موجود رہے گا
تصویر : اے ایف پی / فائل
آئی ایم کا وفد 24 سے 28 فروری تک پاکستان میں موجود رہے گا

پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے تقریباً ایک ارب ڈالر کی کلائمیٹ فنانسنگ پر مذاکرات آج سے شروع ہوں گے۔

پاکستان کے وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے تصدیق کی کہ آئی ایم کا وفد 24 سے 28 فروری تک پاکستان میں موجود رہے گا تاکہ اس فنڈنگ کا جائزہ اور بات چیت کی جاسکے۔

یہ رقم آئی ایم ایف کے ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبیلٹی ٹرسٹ کے تحت دی جائے گی، جو 2022 میں ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے قائم کیا گیا تھا۔ اس کا مقصد ممالک کو قدرتی آفات سے بچاؤ اور صاف توانائی کے استعمال جیسے منصوبوں میں مدد دینا ہے۔

پاکستان نے اکتوبر 2023 میں اس فنڈنگ کے لیے باضابطہ درخواست دی تھی کیونکہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔

جیو نیوز کے مطابق آئی ایم ایف اس ہفتے کلائمیٹ فنانسنگ (ماحولیاتی فنڈنگ) کے لیے 1 ارب ڈالر جاری کر سکتا ہے۔

ماہرین کہتے ہیں کہ پاکستان کی معیشت آہستہ آہستہ بحالی کی طرف بڑھ رہی ہے، خاص طور پر اس کے بعد جب گزشتہ سال آئی ایم ایف نے 7 ارب ڈالر کا بیل آؤٹ پیکج دیا تھا۔ اس پروگرام کے پہلے جائزے کے لیے آئی ایم ایف کا ایک اور وفد مارچ کے پہلے ہفتے میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔

گلوبل کلائمیٹ رسک انڈیکس کے مطابق پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ 2022 میں آنے والے تباہ کن سیلاب میں 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد افراد متاثر اور ایک ہزار 700 لوگ ہلاک ہوئے تھے۔ کمزور معیشت اور بھاری قرضوں کے باعث پاکستان کے لیے اس آفت سے نمٹنا مزید مشکل ہو گیا تھا۔




#پاکستان
#آئی ایم ایف
#معیشت
#موسمیاتی تبدیلی