
صومالیہ کے موغادیشو اور بیر بیرا بندرگاہوں کو عالمی بینک اور ایس اینڈ پی گلوبل مارکیٹ انٹیلیجنس کی جانب سے شائع ہونے والے 2024 کنٹینر پورٹ پرفارمنس انڈیکس میں مشرقی افریقہ کی بہترین بندرگاہوں میں شامل قرار دیا گیا ہے۔
صومالیہ کی وزارتِ بندرگاہوں اور سمندری نقل و حمل کے مطابق اس انڈیکس میں دنیا بھر کی 407 جبکہ افریقہ کی 47 بندرگاہوں کا جائزہ لیا گیا۔ ترکیہ کی معروف البائراک گروپ کے زیرِ انتظام موغادیشو بندرگاہ نے عالمی سطح پر 163واں مگر مشرقی افریقہ میں پہلا مقام حاصل کیا، جبکہ بیر بیرا بندرگاہ نے عالمی درجہ بندی میں 243واں اور علاقائی سطح پر دوسرا مقام حاصل کیا۔
وزارت کے بیان میں کہا گیا کہ ’صومالیہ کی بندرگاہیں اب قابلِ اعتماد، مسابقتی اور مؤثر خدمات فراہم کرنے کے قابل ہو چکی ہیں۔‘
وزارت نے اس کامیابی میں بندرگاہی حکام کی قیادت اور عوامی و نجی شعبے کے اشتراک کو اہم قرار دیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ بہتر طرزِ حکمرانی، ڈیجیٹل نظاموں کے استعمال اور نجی شعبے کے ساتھ تعاون نے صومالیہ کی بندرگاہوں کو بین الاقوامی بحری تجارت میں قابلِ اعتماد شراکت دار کے طور پر اُبھارنے میں مدد دی ہے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے موغادیشو بندرگاہ میں کی گئی سرمایہ کاری کے تحت نئے کرینز کی تنصیب، ٹرمینل سہولیات میں توسیع اور انفراسٹرکچر کی مضبوطی سے بندرگاہ کی کارکردگی اور مسابقتی صلاحیت میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
ان اپ گریڈز کی بدولت موغادیشو بندرگاہ اب افریقہ کی پانچ بہترین بندرگاہوں میں شامل ہو گئی ہے، جن میں پورٹ سعید (مصر)، طنجہ-میڈ (مراکش)، ڈاکار (سینیگال) اور ٹواماسینا (مڈغاسکر) بھی شامل ہیں۔
صومالی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ سمندری شعبے کی جدیدیت کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی تاکہ ملک کی تمام بندرگاہیں عوامی اور نجی شعبوں کو عالمی معیار کی خدمات فراہم کرتی رہیں۔