
پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے تصدیق کی ہے کہ جماعت اسلامی کے سابق سینیٹر مشتاق احمد کو اسرائیل کی قید سے رہا کر دیا گیا ہے۔
اسحٰق ڈار نے 'ایکس' پر اپنے بیان میں کہا: ’مجھے خوشی ہے کہ سابق سینیٹر مشتاق احمد کو رہا کر دیا گیا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ مشتاق احمد اس وقت عمان میں پاکستانی سفارتخانے میں ہیں، جہاں انہیں مکمل مدد دی جا رہی ہے اور جلد وطن واپس لانے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ وہ تمام دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اس معاملے میں تعاون کیا اور وزارتِ خارجہ کے ساتھ ہاتھ بٹایا۔
واضح رہے کہ دو اکتوبر کو گلوبل صمود فلوٹیلا میں موجود کشتیوں پر 500 سے زیادہ افراد سوار تھے، جنہیں اسرائیل نے حراست میں لے لیا تھا۔ فلوٹیلا میں اطالوی سیاستدان، سویڈن کی ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ، پاکستان کے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان اور ایک پاکستانی شہری سید عزیر نظامی بھی شامل تھے۔