بلوچستان میں ٹی ٹی پی کے سات دہشت گرد ہلاک: آئی ایس پی آر

11:033/10/2025, Cuma
ویب ڈیسک
فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کی فوج نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے تحریکِ طالبان پاکستان کے سات عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

جمعے کو فوج کے ترجمان ادارے 'آئی ایس پی آر' سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ دہشت گرد بلوچستان کے ضلع شیرانی میں انٹیلی جینس کی بنیاد پر کیے گئے ایک آپریشن میں مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک افراد دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے جن کے قبضے سے اسلحہ و بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ علاقے میں کسی اور دہشت گرد کے موجود ہونے کے امکان کے پیشِ نظر آپریشن بھی کیا جا رہا ہے۔

بلوچستان میں حالیہ چند ماہ کے دوران دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ علیحدگی پسند تنظیموں کے سیکیورٹی فورسز، سرکاری حکام، تنصیبات اور دوسرے صوبوں سے آنے والے لوگوں پر حملوں کے واقعات بھی بڑھے ہیں۔

علیحدگی پسند تنظیموں کے ساتھ ساتھ مذہبی عسکریت پسند حلقے جیسے ٹی ٹی پی اور داعش کی بھی اس خطے میں موجودگی ہے جو چینی سرمایہ کاری کا اہم گڑھ ہے۔

پاکستان کا کہنا ہے کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بڑھتی دہشت گردی کی کارروائیوں کے پیچھے انڈیا کا ہاتھ ہے جب کہ دہشت گرد افغانستان کی سرزمین استعمال کر کے پاکستان میں حملے کر رہے ہیں۔ تاہم انڈیا اور افغانستان دونوں ان الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔

تاہم اس صورتِ حال میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں بھی تیزی آئی ہے اور وقتاً فوقتاً دہشت گردوں کی ہلاکت کی خبریں آتی رہتی ہیں۔ چند روز قبل ہی سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دو مختلف کارروائیوں میں 13 شدت پسندوں کو ہلاک کیا تھا۔

##بلوچستان
##ٹی ٹی پی
##دہشت گرد