
جیمو نیوز کے رپورٹ کے مطابق پھنسے ہوئے لوگوں کو بچانے کے لیے اتوار کو سیکڑوں ریسکیو اہلکار پہاڑ پر چڑھے اور راستہ صاف کرنے کی کوشش کی۔
چائنہ کے سرکاری میڈیا نے کہا ہے کہ تبت میں دنیا کے بلند ترین پہاڑ ماؤنٹ ایوریسٹ پر برفانی طوفان کی وجہ سے پھنس جانے والے سیکڑوں مہم جوؤں کو ریسکیو کیا گیا ہے جب کہ 200 مہم جو اب بھی پہاڑ پر موجود ہیں۔
چائنہ کے سرکاری نشریاتی ادارے 'سی سی ٹی وی' نے اتوار کو رات گئے بتایا کہ ریسکیو کی کوششوں کے بعد تقریباً 350 مہم جو چائنہ کے ایک چھوٹے سے قصبے چوڈانگ تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے جب کہ مزید 200 افراد سے رابطہ قائم ہو گیا ہے۔ تاہم پیر کو ریسکیو کے بارے میں مزید کوئی اپ ڈیٹس جاری نہیں کی گئیں۔
چائنہ میں ماؤنٹ ایورسٹ کے علاقوں میں جمعے اور ہفتے کی رات اچانک آنے والے برفانی طوفان میں تقریباً ایک ہزار افراد ہھنس گئے تھے۔ برفانی طوفان کی وجہ سے راستے بند ہو گئے اور ٹورسٹ کیمپس پر قائم خیمے گر گئے۔ ماؤنٹ ایورسٹ کی بلندی 8850 میٹر ہے اور یہ افراد تقریباً 4900 میٹر کی بلندی پر پھنسے۔
یہ طوفان ایسے موقع پر آیا جب چائنہ میں 'گولڈن ویک' یعنی چھٹیوں کا ہفتہ چل رہا تھا اور لوگ بڑی تعداد میں سیر و تفریح کے لیے اس علاقے میں موجود تھے۔
طوفان سے پہلے ہی نیچے اترنے میں کامیاب ہونے والے ایک مہم جو نے بتایا کہ پہاڑ پر کئی افراد تھے۔ ان کے بقول غیر متوقع برفانی طوفان میں تقریباً تین فٹ تک برف پڑی جس سے خیمے بھی گر گئے ہیں۔
جب کہ ریسکیو کے بعد محفوظ مقامات پر لوٹنے والے افراد نے بتایا کہ انہیں بہت ہی شدید موسمی حالات کا سامنا کرنا پڑا۔

ٹی آر ٹی کے مطابق پیر کو 137 افراد کو بحفاظت اس علاقے سے نکال لیا گیا ہے۔ جب کہ 350 ٹریکرز بحفاظت اس مقام پر پہنچ چکے ہیں جہاں سے انہیں ریسکیو کر لیا جائے گا۔ 200 دیگر افراد سے رابطہ قائم ہو گیا ہے جو ابھی بلندی پر ہی موجود ہیں اور امید ہے کہ وہ بھی بحفاظت ریسکیو پوائنٹ تک پہنچ جائیں گے۔
واضح رہے کہ جس علاقے میں یہ واقعہ پیش آیا ہے، یہاں اکثر بہت سخت موسمی حالات رہتے ہیں۔ یہاں حال ہی میں بارشوں سے 40 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ رواں سال جنوری میں اسی علاقے میں ایک زلزلہ آیا تھا جس میں 126 افراد مارے گئے تھے۔
ماؤنٹ ایوریسٹ کا کچھ حصہ چین میں ہے اور کچھ نیپال میں۔ ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کا راستہ چائنہ اور نیپال دونوں ملکوں سے نکلتا ہے۔ یہ پہاڑ دونوں ملکوں کی سرحد پر واقع ہے۔ چائنہ میں اس پہاڑ کو 'کومولانگما' کہا جاتا ہے۔ ایوریسٹ کا جو حصہ چائنہ میں لگتا ہے وہ تبت میں واقع ہے۔ تبت چائنہ کا ایک خود مختار علاقہ ہے۔