ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں سات دہشت گرد ہلاک، فوج کے ایک میجر بھی مارے گئے: آئی ایس پی آر

10:559/10/2025, جمعرات
ویب ڈیسک
فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے جمعرات کو کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک آپریشن کے دوران سات دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے جب کہ لڑائی کے دوران فوج کے ایک میجر بھی جان کی بازی ہار گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے انڈین پراکسی فتنۂ الخوارج کے جنگجوؤں کی موجودگی کی اطلاعات پر بدھ کو ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے دارابان میں آپریشن کیا۔ سیکیورٹی فورس کی مؤثر کارروائی کے دوران انڈیا کے حمایت یافتہ سات خوارجی مارے گئے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی فوج کالعدم دہشت گرد تنظیم تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے لیے فتنہ الخوارج کی اصطلاح استعمال کرتی ہے۔

یہ آپریشن ایسے موقع پر کیا گیا ہے جب ایک دن قبل ہی خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں سیکیورٹی فورسز اور ٹی ٹی پی کے جنگجوؤں کی لڑائی کے دوران لیفٹیننٹ کرنل اور میجر سمیت 11 فوجی اہلکار مارے گئے تھے۔

بدھ کو کیے گئے ڈیرہ اسماعیل خان کے آپریشن میں بھی فوج کے ایک میجر مارے گئے ہیں جو کوئٹہ کے رہائشی 30 سالہ میجر سبطین حیدر ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ و بارود بھی برآمد ہوا ہے اور یہ خوارجی دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے ایکس پر جاری ایک بیان میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو سراہا ہے جب کہ فوجی افسر کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بھی میجر سبطین حیدر کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کور کمانڈر کانفرنس بھی منعقد ہوئی تھی جس میں فوج کی اعلیٰ قیادت نے 'انڈین حمایت یافتہ دہشت گردوں کے نیٹ ورک توڑنے کے لیے انسدادِ دہشت گردی کی جامع کارروائیاں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔'

##پاکستان
##فوج
##آپریشن