کیا عام پاکستانی اب امریکا نہیں آسکیں گے؟ ٹرمپ انتظامیہ کا 43 ممالک پر سفری پابندیوں پر غور

06:4015/03/2025, ہفتہ
جنرل15/03/2025, ہفتہ
ویب ڈیسک
ٹرمپ انتظامیہ کا 43 ممالک کے شہریوں پر سفری پابندیوں کی تجاویز پر غور
تصویر : سٹاک امیج / فائل
ٹرمپ انتظامیہ کا 43 ممالک کے شہریوں پر سفری پابندیوں کی تجاویز پر غور

اس فہرست میں تبدیلیاں ممکن ہیں اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سمیت امریکی انتظامیہ سے منظوری ہونا ابھی باقی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹرمپ انتظامیہ ایک نئے سفری پابندی کے منصوبے پر غور کر رہی ہے، جس کے تحت 43 ممالک کے شہریوں پر سفری پابندیاں لگ سکتی ہیں۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ 43 ملکوں پر ویزا پابندیاں لگانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ یہ پابندیاں پچھلے امریکی ٹریول قوانین کو مزید سخت کرنے کے لیے لگائی جا رہی ہیں۔

ان ممالک کو تین گروپوں (ریڈ، اورنج اور یلو) میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستان اورنج لسٹ میں شامل ہے۔ اس فہرست کے ملکوں کے شہریوں کو ٹورسٹ اور امیگریشن ویزے نہیں دیے جائیں گے اور صرف بڑے بزنس مین ہی ویزے حاصل کرسکیں گے۔ تاہم حتمی فہرست میں ردوبدل ممکن ہے۔

ایک امریکی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس فہرست میں تبدیلیاں ممکن ہیں اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سمیت امریکی انتظامیہ سے منظوری ہونا ابھی باقی ہے۔


ریڈ لسٹ:

اس فہرست میں 11 ممالک شامل ہیں، جن میں افغانستان، بھوٹان، کیوبا، ایران، لیبیا، شمالی کوریا، صومالیہ، سوڈان، شام، وینزویلا اور یمن شامل ہیں۔ ان ممالک کے شہریوں پر مکمل طور پر امریکہ میں داخلے پر پابندی عائد ہوگی۔


اورنج لسٹ:

اس فہرست میں 10 ممالک شامل ہیں، جن میں پاکستان، بیلاروس، اریٹیریا، ہیٹی، لاؤس، میانمار، روس، سیرا لیون، جنوبی سوڈان، اور ترکمانستان شامل ہیں۔

ان ممالک کے شہریوں پر سخت سفری پابندیاں ہوں گی، لیکن انہیں مکمل طور پر امریکہ جانے سے نہیں روکا جائے گا۔ کچھ خاص لوگ، جیسے امیر کاروباری افراد، ویزا حاصل کر سکیں گے۔ ان ممالک کے لوگوں کو ویزا لینے کے لیے لازمی انٹرویو دینا ہوگا۔


ییلو لسٹ:

اس فہرست میں 22 ممالک شامل ہیں، جن میں انگولا، اینٹیگوا اور باربوڈا، بینن، برکینا فاسو، کمبوڈیا، کیمرون، کیپ وردے، چاڈ، جمہوریہ کانگو، ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو، ڈومینیکا، استوائی گنی، گیمبیا، لائبیریا، ملاوی، مالی، موریطانیہ، سینٹ کٹس اینڈ نیوس، سینٹ لوشیا، ساؤ ٹومے اور پرنسپے، وانوواتو، اور زمبابوے شامل ہیں۔

ان ممالک کو 60 دن کی مہلت دی جائے گی تاکہ وہ اپنی ویزا پالیسی اور سیکیورٹی نظام میں بہتری لائیں۔ اگر وہ ایسا کرنے میں ناکام رہتے ہیں تو انہیں مزید سخت پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔



#امریکا
#پاکستان
#سفری پابندی