فیلڈ مارشل کیا ہے اور یہ عہدہ کیوں دیا جاتا ہے؟

07:4320/05/2025, منگل
جنرل20/05/2025, منگل
ویب ڈیسک
آرمی چیف جنرل عاصم منیر
تصویر : ایکس / فائل
آرمی چیف جنرل عاصم منیر

حکومتِ پاکستان نے جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان کی وفاقی کابینہ نے منگل کو آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دے دی ہے۔ یہ اعزاز انہیں 6 اور 7 مئی 2025 کی رات انڈیا کے خلاف شروع کیے جانے والے آپریشن بنیان مرصوص میں ان کی ’شاندار قیادت‘ کے اعتراف میں دیا گیا۔

فیلڈ مارشل پاکستان کا سب سے سینئر فوجی رینک ہے جو صرف اُن جرنیلوں کو دیا جاتا ہے جنہوں نے غیر معمولی قیادت اور ملک کی مسلح افواج کے لیے نمایاں خدمات انجام دی ہوں۔ اسے فائیو سٹار جنرل بھی کہا جاتا ہے اور یہ رینک پاکستان کی تاریخ میں صرف ایک بار دیا گیا تھا، جو آزادی کے بعد جنرل محمد ایوب خان کو ملا تھا۔

کابینہ کے اجلاس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف نے کی، جس میں جنرل عاصم منیر کو باضابطہ طور پر فیلڈ مارشل کا خطاب دیا گیا۔ جنرل منیر کو نشانِ امتیاز (ملٹری) بھی حاصل ہے۔ اجلاس میں آپریشن کی کامیابی کو سراہا گیا اور قوم کو ’حق کی جنگ میں تاریخی فتح‘ پر مبارکباد دی گئی۔

کابینہ نے جنرل عاصم منیر کی ’بے مثال قیادت، حوصلہ اور حکمت عملی کمانڈ‘ کی بھرپور تعریف کی اور انہیں مسلح افواج کو متحد کر کے مربوط اور فیصلہ کن ردعمل دینے کا سہرا دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے صدر آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کی اور کابینہ کے فیصلے سے آگاہ کیا تاکہ انہیں اعتماد میں لیا جا سکے۔

کابینہ نے انڈین حملے کی سخت مذمت کی اور کہا کہ اس نے جان بوجھ کر پاکستانی شہریوں، خاص طور پر خواتین اور بچوں کو نشانہ بنایا، جو بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔

کابینہ نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ آپریشن کے دوران نمایاں خدمات انجام دینے والے افسروں، سپاہیوں، شہداء اور عام شہریوں کو قومی اعزازات سے نوازا جائے گا۔


یہ اعزاز قوم کی امانت ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

پاکستان کی فوجی میڈیا ونگ آئی ایس پی آر نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس اعزاز پر اللہ کا شکر ادا کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ جنرل منیر نے یہ رینک پوری قوم، پاکستان مسلح افواج، خاص طور پر شہداء اور سابقہ فوجیوں کے نام کیا ہے۔

عاصم منیر نے صدر، وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ اعزاز قوم کا اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں لوگ ان کی طرح ملک کے لیے قربانیاں دینے کو تیار ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ اعزاز ذاتی نہیں بلکہ پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم کا ہے۔


فیلڈ مارشل کیا ہوتا ہے؟

پاکستان میں 'فیلڈ مارشل' سب سے سینئر فوجی رینک ہے۔ یہ عام فوجی عہدے کی طرح نہیں ملتا بلکہ خاص حالات میں حکومت کی اجازت سے دیا جاتا ہے۔اسے فائیو سٹار جنرل بھی کہا جاتا ہے اور اسے کسی جنرل کو اس کی خاص فوجی یا قومی خدمات کی وجہ سے دیا جاتا ہے۔

یہ عہدہ حاصل کرنے کے بعد فوج کی کمان میں کوئی تبدیلی نہیں آتی بلکہ یہ رینک صرف اعزاز اور احترام کے لیے دیا جاتا ہے۔

دنیا بھر میں فیلڈ مارشل کا عہدہ ایسے جرنیلوں کو دیا جاتا ہے جنہوں نے بڑی جنگوں میں اہم اور فیصلہ کن کامیابیاں حاصل کی ہوں، فوجی حکمت عملی میں بڑے بدلاؤ لائے ہوں، یا ملک کے دفاع میں نازک وقت پر کلیدی کردار ادا کیا ہو۔

پاکستان کی تاریخ میں صرف ایک شخص کو یہ رینک ملا اور وہ تھے، جنرل ایوب خان۔ جنرل ایوب خان 1951 میں پاکستان آرمی کے کمانڈر ان چیف بنے اور پھر 1958 میں ملک میں مارشل لا لگا کر صدر بن گئے۔ پھر 1959 میں ایوب خان نے خود کو فیلڈ مارشل کا رینک دیا۔ کہا جاتا ہے کہ ایوب خان کو فیلڈ مارشل کسی جنگی کامیابی پر نہیں بلکہ سیاسی طور پر اپنے اقتدار کو مضبوط بنانے کے لیے دیا گیا۔



#پاک فوج
#پاکستان
#انڈیا پاکستان کشیدگی