پاکستان اور روس کا کراچی میں نئی اسٹیل مل قائم کرنے پر اتفاق

13:1414/05/2025, بدھ
جنرل14/05/2025, بدھ
ویب ڈیسک
پاکستان اسٹیل ملز ایک زمانے میں ملک کا سب سے بڑا صنعتی ادارہ تھا
تصویر : ایکس / فائل
پاکستان اسٹیل ملز ایک زمانے میں ملک کا سب سے بڑا صنعتی ادارہ تھا

پاکستان اور روس نے کراچی میں ایک نئی اسٹیل مل قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

سرکاری میڈیا پی ٹی وی کے مطابق اس کا مقصد دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینا اور صنعتی تعاون کو بڑھانا ہے۔

پی ٹی وی کے مطابق اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حالیہ سالوں میں پاکستان اور روس کے تعلقات مضبوط ہوئے ہیں۔ دونوں ملک توانائی کے شعبے میں، خاص طور پر تیل اور گیس کی فراہمی کے معاملے پر مل کر کام کر رہے ہیں۔ 2023 میں روس اور پاکستان کے درمیان خام تیل کی فراہمی کا معاہدہ طے پایا تھا اور توانائی کے دوسرے منصوبوں پر بھی بات چیت جاری تھی۔

دونوں ممالک پاکستان اسٹریم گیس پائپ لائن پر بھی مل کر کام کر رہے ہیں۔ یہ ایک بڑا منصوبہ ہے جس کا مقصد امپورٹ کی گئی گیس کو کراچی سے پنجاب تک پہنچانا ہے، تاکہ ملک میں آئل اور گیس کی ضرورت پوری کی جا سکے۔۔

نئی اسٹیل ملز کے قیام کے منصوبے پر گفتگو روسی نمائندے ڈینس نازاروف اور وزیراعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان کے درمیان ایک ملاقات کے دوران ہوئی۔

ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے مطابق دونوں کے درمیان پاکستان میں نئی اسٹیل ملز کے قیام پر گفتگو ہوئی ۔

یہ نیا منصوبہ 1970 کی دہائی میں پاکستان اور سوویت یونین کے پرانے تعاون کی یاد دلاتا ہے، جب سوویت یونین نے پاکستان اسٹیل ملز بنانے میں پاکستان کی مدد کی تھی۔

پاکستان اسٹیل ملز ایک زمانے میں ملک کا سب سے بڑا صنعتی ادارہ تھا، لیکن وقت کے ساتھ اسے نظرانداز کیا گیا، مالی بدانتظامی ہوئی اور سیاستدانوں کی مداخلت بھی رہی۔ ان تمام مسائل کی وجہ سے یہ ادارہ کمزور ہوتا گیا اور آخرکار 2015 میں اسے بند کرنا پڑا، کیونکہ اس پر اربوں روپے کا نقصان ہو چکا تھا۔

ہارون اختر خان نے ملاقات کے دوران کہا کہ ’پاکستان سرمایہ کاری کے لیے ایک محفوظ اور ترقی پذیر مرکز ہے اور بین الاقوامی برادری نے اس کی صلاحیت کو تسلیم کیا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں تمام روسی تاجروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دیتا ہوں۔‘




#روس
#پاکستان
#پاکستان سٹیل ملز