انڈیا نے اپنی فضائی حدود سے پاکستان کے 5 مقامات پر میزائل حملے کیے ہیں: پاکستانی فوج

00:118/05/2025, جمعرات
جنرل7/05/2025, بدھ
ویب ڈیسک
یہ حملے اُس وقت ہوئے جب مقبوضہ کشمیر کے پہلگام میں ہونے والے شدت پسند حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں شدید اضافہ ہوا ہے۔
تصویر : فوٹو / ایکس
یہ حملے اُس وقت ہوئے جب مقبوضہ کشمیر کے پہلگام میں ہونے والے شدت پسند حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں شدید اضافہ ہوا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ انڈیا نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب کوٹلی، بہاولپور اور مظفرآباد میں میزائل حملے کیے ہیں۔ یہ حملے اُس وقت ہوئے جب مقبوضہ کشمیر کے پہلگام میں ہونے والے شدت پسند حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں شدید اضافہ ہوا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے اے آر وائی نیوز سے رات 1 بج کر 6 منٹ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’بزدل دشمن انڈیا نے فضائی حملے کیے ہیں، جن کا نشانہ بہاولپور کے احمد ایسٹ علاقے میں واقع سبحان اللہ مسجد، کوٹلی اور مظفرآباد میں تین مقامات بنے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہماری فضائیہ کے تمام طیارے فضا میں موجود ہیں۔ یہ بزدلانہ اور شرمناک حملہ انڈیا کی فضائی حدود سے کیا گیا۔ دشمن کو کبھی بھی پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔‘

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے مزید کہا کہ ’میں واضح الفاظ میں کہنا چاہتا ہوں کہ پاکستان اس حملے کا جواب اپنے وقت اور اپنی مرضی کی جگہ پر دے گا۔ یہ سنگین اشتعال انگیزی کسی صورت میں بغیر جواب کے نہیں رہے گی۔‘

جب ان سے ممکنہ جانی یا مالی نقصانات کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ نقصانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور وہ بعد میں تفصیلات فراہم کریں گے۔

سرکاری ادارے پی ٹی وی نیوز نے سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے ایکس پر ایک پوسٹ میں بتایا ہے کہ پاکستان نے انڈین حملے کے جواب میں جوابی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ’اس بزدلانہ حملے میں ایک معصوم بچہ شہید ہو گیا ہے، جبکہ ایک خاتون اور ایک مرد شدید زخمی ہیں۔ انڈیا نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے معصوم پاکستانیوں کو نشانہ بنایا۔‘

وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ حملے شہری علاقوں پر کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ’یہ حملے شہری آبادی پر کیے گئے۔ بزدل دشمن نے اپنی فضائی حدود سے حملہ کیا۔ وہ اپنے گھر سے باہر نہیں نکلے۔ ہم انہیں مناسب جواب دیں گے۔‘

خواجہ آصف نے کہا ’ہم ان کے حملے سے کہیں بڑا جواب دیں گے۔ انہوں نے نہ صرف عام شہریوں کو نشانہ بنایا بلکہ بزدلی سے اپنی ہی فضائی حدود سے حملہ کیا۔‘

دوسری جانب رائٹرز نے بتایا کہ آدھی رات کے بعد آزاد کشمیر کے مظفرآباد کے قریب پہاڑی علاقوں میں کئی زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں، جس کے بعد شہر کی بجلی بند ہو گئی۔


#انڈیا پاکستان کشیدگی
#جموں و کشمیر
#جنگ