پاکستان نے انڈیا سے اشیاء کی آمد و رفت پر پابندی عائد کر دی

06:395/05/2025, پیر
جنرل5/05/2025, پیر
ویب ڈیسک
22 اپریل کو انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے حملے میں 26 افراد ہلاک ہوگئے تھے
تصویر : ایکس / فائل
22 اپریل کو انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے حملے میں 26 افراد ہلاک ہوگئے تھے

پاکستان نے فضائی، زمین، سمندر کے راستے انڈیا سے آنے والی یا انڈیا کو جانے والی اشیاء کو اپنے راستے سے گزارنے پر پابندی لگا دی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزارت تجارت کی جانب سے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق دوسرے ممالک سے انڈیا کو بھیجی جانے والی اشیا بھی اب پاکستان کے راستے نہیں جا سکیں گی۔

22 اپریل کو انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے حملے میں 26 افراد ہلاک ہوگئے تھے، جن میں زیادہ تر سیاح تھے، یہ 2000 کے بعد سے سب سے خطرناک حملوں میں سے ایک تھا۔ انڈیا نے بغیر کسی ثبوت کےاس کا الزام پاکستان پر عائد کیا ہے لیکن پاکستان نے اس کی سختی سے تردید کرتے ہوئے غیرجانبدار تحقیقاتی کمیٹی کا مطالبہ کیا ہے۔

اس واقعے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات ایک بار پھر کشیدہ ہوگئے ہیں۔ انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے اپنی فوج کو ’آپریشنل آزادی‘ دینے کا اعلان کیا۔ اور دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف جوابی اقدامات کیے ہیں۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ پابندیاں ان اشیاء پر نہیں ہوں گی جن کے لیے پہلے ہی بل آف لیڈنگ یا لیٹر آف کریڈٹ جاری ہو چکے ہوں۔

وزارتِ تجارت نے انڈیا سے آنے والی یا انڈیا کو جانے والی اشیاء پر پابندی عائد کی ہے جو تیسرے ممالک کے ذریعے پاکستان کے راستے سمندر، زمین یا ہوا کے راستے گزرتی ہیں۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت نے یہ احکامات ’قومی سلامتی اور عوامی مفاد‘ کے پیش نظر کیے ہیں۔


#انڈیا پاکستان کشیدگی
#تجارت
#جنوبی ایشیا