
امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کو اپنی تاریخ کا سب سے بڑا آرڈر ملا ہے جس میں قطر کی سرکاری ایئرلائن قطر ایئرویز نے 160 بڑے طیارے خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ قطر ایئرویز نے یہ آپشن بھی رکھا ہے کہ وہ مستقبل میں مزید 50 طیارے خرید سکتی ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ معاہدہ اُس وقت ہوا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ قطر کے سرکاری دورے پر تھے۔
قطر ایئرویز نے بوئنگ سے کُل 160 طیارے خریدنے کا فیصلہ کیا ہے، جن میں 130 طیارے 787 ماڈل کے اور 30 طیارے 777X ماڈل کے ہیں۔ اس کے علاوہ قطر مشتقبل میں مزید 50 طیارے خرید سکتا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق یہ معاہدہ 96 ارب ڈالر کا ہے۔

یہ معاہدہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے ایک بڑی کامیابی سمجھی جارہی ہے۔ البتہ یہ طیارے فوراً نہیں بلکہ کئی سالوں بعد قطر کو ملیں گے۔
یہ فروخت بوئنگ اور اس کے سب سے بڑے انجن سپلائر کے لیے بھی مددگار ہے، خاص طور پر اس وقت جب اس کے مقابل کمپنی ایئربس کے بڑے ماڈل اے 350، جن میں رولز-روئس کے انجن لگے ہیں، کو دنیا کے سب سے گرم علاقوں بشمول خلیج کے خطے میں آپریشن کے دوران مینٹیننس (مرمت) کے مسائل کا سامنا ہے۔
اس خبر کے بعد بوئنگ کمپنی کے شئیرز کی قیمت نیو یارک میں 0.6 فیصد بڑھ گئی، اور طیاروں کے انجن بنانے والی کمپنی جی ای ایروسپیس کے شئیرز بھی 0.7 فیصد بڑھ گئے۔
جی ای ایروسپیس کے سی ای او لیری کلپ نے ایک بیان میں کہا کہ کمپنی کے لیے بھی یہ اب تک کا سب سے بڑا آرڈر ہے۔
صدر ٹرمپ اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے بوئنگ کے سی ای او کیلی اورٹبرگ اور قطر ایئرویز کے سی ای او بدر محمد المیر کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔ ٹرمپ نے کہا کہ اورٹبرگ نے انہیں بتایا کہ یہ بوئنگ کی تاریخ کا سب سے بڑا طیاروں کا آرڈر ہے۔
یہ معاہدہ صدر ٹرمپ کے خلیجی ممالک کے دورے کے دوران ہوا جب وہ قطر گئے تھے، اس سے پہلے انہوں نے منگل کو سعودی عرب کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے ڈیفنس سمیت کئی اہم معاہدوں پر دستخط کیے تھے۔
بوئنگ کا 777X طیارہ ابھی مکمل تیار نہیں ہوا ہے اور اسے 2026 میں قطر اور دوسری ایئرلائنز کو دیا جانا شروع کیا جائے گا۔ یہ ڈیلیوری اصل منصوبے سے چھ سال بعد ہو رہی ہے۔
قطر ایئرویز نے پہلے ہی 94 ایسے طیارے خریدنے کا وعدہ کیا ہے اور ایمریٹس ایئرلائن نے 205 طیارے خریدنے کا وعدہ کیا ہے۔ یہ دونوں کمپنیاں بوئنگ کے 777X پروگرام کی شروعات میں شامل پہلی خریدار تھیں۔
بوئنگ کمپنی کے مطابق 30 اپریل تک 777X کے 521 آرڈر اور 787 کے 828 آرڈر بک ہو چکے ہیں۔