بغیر اجازت حج ادا کرنے والوں پر سخت سزاؤں اور بھاری جرمانوں کا اعلان

11:0229/04/2025, منگل
جنرل29/04/2025, منگل
ویب ڈیسک
 یہ جرمانے منگل کے دن سے لے کر 10 جون تک لاگو رہے گا،
تصویر : فیس بک / فائل
یہ جرمانے منگل کے دن سے لے کر 10 جون تک لاگو رہے گا،

سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے خبردار کیا ہے کہ جو لوگ بغیر اجازت (پرمٹ) کے حج ادا کرنے کی کوشش کریں گے یا دوسروں کو اس میں مدد فراہم کریں گے، اُن پر جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

یہ جرمانے منگل کے دن سے لے کر 10 جون تک لاگو رہے گا، یعنی حج کے ایّام سے پہلے اور دوران میں سختی کی جائے گی۔

جو بغیر اجازت نامے کے حج ادا کرتے ہوئے یا اس کی کوشش کرتے ہوئے پکڑے جائیں گے اس پر 20 ہزار سعودی ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اگر کوئی ہوٹل یا نجی گھر غیر مجاز زائرین کو رہائش فراہم کرتا ہے، یعنی وہ افراد جو بغیر اجازت کے حج کرنے یا مقدس مقامات میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں، تو ایسے افراد پر ایک لاکھ سعودی ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

جب کہ وزٹ ویزہ ہولڈر کو ٹرانسپورٹ یا مدد فراہم کرنے والے پر بھی ایک لاکھ ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

یہ جرمانہ ہر متعلقہ فرد کے حساب سے بڑھا دیا جائے گا، یعنی جتنے زیادہ افراد شامل ہوں گے، جرمانہ اتنا ہی زیادہ ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق جو افراد غیر قانونی طور پر حج کرنے کی کوشش کریں گے، چاہے وہ سعودی عرب کے رہائشی ہوں یا ویزہ کی مدت ختم ہونے کے بعد وہاں رہنے والے ہوں، ان پر بھی ایک علیحدہ جرمانہ ہوگا۔

ایسے افراد کو ڈی رپورٹ کردیا جائے گا اور انہیں 10 سال تک سعودی عرب میں داخل ہونے کی پابندی لگائی جائے گی۔

اگر کوئی شخص وزٹ ویزہ رکھنے والوں کو مکہ مکرمہ یا مقدس مقامات تک لے جانے کے لیے کوئی گاڑی استعمال کرے گا، تو متعلقہ عدالت اس گاڑی کو قبضے میں لے سکتی ہے۔






#سعودی عرب
#حج
#زائرین