جعفر ایکسپریس پر حملہ بیرونی مدد سے ہوا، پاکستان کا اقوام متحدہ میں موٴقف

13:1529/04/2025, منگل
جنرل29/04/2025, منگل
ویب ڈیسک
جواد اجمل نے کہا کہ پاکستان گزشتہ دو دہائیوں سے دہشت گردی کا بدترین شکار رہا ہے۔
تصویر : اقوام متحدہ / فائل
جواد اجمل نے کہا کہ پاکستان گزشتہ دو دہائیوں سے دہشت گردی کا بدترین شکار رہا ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان نے موٴقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس ’قابلِ اعتماد شواہد‘ موجود ہیں جو ثابت کرتے ہیں کہ جعفر ایکسپریس پر ہونے والا حملہ علاقائی دشمنوں (یعنی پاکستان کے آس پاس کے ممالک) کی مدد یا پشت پناہی سے کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ 11 مارچ کو بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے دہشت گردوں نے پشاور جانے والی ٹرین کو ہائی جیک کرلیا تھا جس میں 440 مسافر سوار تھے۔ حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کی اور مسافروں کو یرغمال بنا لیا تھا۔

سیکیورٹی فورسز نے دو روزہ آپریشن کے بعد 12 مارچ کو کارروائی مکمل کی۔ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق آپریشن کے دوران 33 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے نمائندے جواد اجمل نے کہا کہ پوری دنیا کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ان لوگوں کی مدد کرے جو دہشت گردی کے شدید حملوں میں زندہ بچ گئے ہیں اور اُن خاندانوں کا ساتھ دے جن کے پیارے ان حملوں میں مارے گئے یا جن کی زندگیاں ہمیشہ کے لیے بدل گئی ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ مستقبل میں ایسے حملوں کی روک تھام کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے اور دہشت گردوں اور اُن کے سرپرستوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اگر ہم متاثرین کے لیے مستقبل کا راستہ بنانا چاہتے ہیں تو ہمیں تنگ نظری، سیاسی مفادات اور جیو پولیٹیکل ایجنڈوں سے بالاتر ہو کر سوچنا ہوگا۔ ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ عالمی سطح پر بنائی گئی حکمت عملیوں کے باوجود دہشت گردی کے خطرات کیوں بڑھتے جا رہے ہیں اور متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ کیوں ہو رہا ہے۔‘

جواد اجمل نے واضح الفاظ میں کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے، چاہے وہ اسلاموفوبیا ہو، نسلی یا قوم پرستانہ بنیادوں پر کی جانے والی دہشت گردی ہو یا ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی ہو۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دنیا کو دہشت گردی کے بنیادی اسباب اور اُن حالات پر توجہ دینی چاہیے جو اس کے پھیلاؤ کا سبب بنتے ہیں۔

حال ہی میں پہلگام حملے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے، اقوام متحدہ میں پاکستان مشن کے مشیر جواد اجمل نے اس واقعے میں سیاحوں کی ہلاکت پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہلاک ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے دیگر رکن ممالک کے ساتھ مل کر اس حملے کی مذمت کی ہے۔

جواد اجمل نے کہا کہ پاکستان گزشتہ دو دہائیوں سے دہشت گردی کا بدترین شکار رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم اپنی قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں اور مسلح افواج کے اُن شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے بے شمار قربانیاں دیں۔"




#پاکستان
#جعفرایکسپریس
#انڈیا
#دہشتگردی
#اقوام متحدہ