غزہ جنگ ختم کرنے کے لیے عالمی اتحاد مسلم علما کا عرب اور اسلامی ممالک کے رہنماؤں کو کھلا خط

15:2515/09/2025, الإثنين
جنرل15/09/2025, الإثنين
ویب ڈیسک
عالمی اتحادِ مسلم علما نے دوحہ میں جمع ہونے والے عرب اور اسلامی ممالک کے رہنماؤں کو ایک کھلا خط جاری کیا ہے،
تصویر : سوشل / فائل
عالمی اتحادِ مسلم علما نے دوحہ میں جمع ہونے والے عرب اور اسلامی ممالک کے رہنماؤں کو ایک کھلا خط جاری کیا ہے،

عالمی اتحادِ مسلم علما نے دوحہ میں جمع ہونے والے عرب اور اسلامی ممالک کے رہنماؤں کو ایک کھلا خط جاری کیا ہے، جس میں غزہ میں جاری بحران کو ختم کرنے کے لیے فوری اقدام کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

خط میں مسلم اُمہ کو درپیش ’وجودی خطرے‘ پر زور دیا گیا ہے اور غزہ میں صہیونی قبضے کے نتیجے میں ہونے والے نسل کشی اور انسانی المیے کو نمایاں کیا گیا ہے۔ علما نے کہا ہے کہ خطرہ اب سنگین حد تک پہنچ چکا ہے اور یہ صرف سرحدوں کا مسئلہ نہیں بلکہ فلسطینی عوام کی بقا کا معاملہ ہے۔

خط میں درج اہم نکات میں شامل ہیں:

  • اسرائیل کے ساتھ سیاسی، اقتصادی اور سفارتی تعلقات فوری طور پر ختم کرنا، کیونکہ اسرائیلی حکومت معاہدوں کی پاسداری نہیں کررہی ۔
  • مسلم ممالک میں اتحاد اور بھائی چارہ قائم کرنا تاکہ آپس میں اختلافات اور لڑائی جھگڑے ملکوں اور امت کی ناکامی یا ذلت کا باعث نہ بنیں۔
  • مسلم ممالک کو اپنے سیاسی، فوجی، علمی اور اقتصادی شعبوں میں مضبوط منصوبہ بندی اور ترقی کرنی چاہیے اور اس کے لیے وہ اپنے وسائل اور قابلیت کو ایک دوسرے کے ساتھ بانٹیں اور مشترکہ طور پر استعمال کریں۔
  • غزہ میں مزاحمت کی حمایت، بشمول مسلح مزاحمت، تاکہ صہیونی منصوبوں کی توسیع کو روکا جا سکے۔
  • غزہ کی ناکہ بندی فوری طور پر ختم کی جائے اور سرحدی راستے کھولے جائیں تاکہ مزید قتل و غارت گری کو روکا جا سکے۔
  • عالمی یکجہتی، بین الاقوامی اداروں اور انسانی ہمدردی کی تنظیموں کو اپیل کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کریں اور فلسطینی عوام کی مدد کریں۔

علما نے خبردار کیا کہ اگر آج تاخیر کی گئی تو مستقبل میں پچھتائیں گے اور زور دیا کہ یہ اجلاس مسلم ممالک کی عزم اور طاقت کا امتحان ہے۔

عالمی اتحادِ مسلم علما کے صدر، پروفیسر ڈاکٹر علی محی الدین القراضاغی نے خط کے اختتام پر کہا کہ عالمی مسلم اُمہ اور آزاد لوگ آپ کے ساتھ ہیں اور قرآن کی آیات کے ذریعے صہیونی منصوبے کا مقابلہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔



##قطر
#اسرائیل حماس جنگ
#مشرق وسطیٰ