اس سال کا 'ورڈ آف دی ایئر' (7-6): جین الفا کا ایسا لفظ یا وائرل اصطلاح جس کے معنی ڈکشنری کو بھی نہیں معلوم

11:0114/11/2025, جمعہ
جنرل14/11/2025, جمعہ
ویب ڈیسک
فائل فوٹو
فائل فوٹو

ڈکشنری ڈاٹ کام کی جانب سے اس سال کے 'ورڈ آف دی ایئر' کا اعلان کر دیا گیا ہے جو ہے سکس سیون (7-6)۔

اسے لفظ کہیں یا اصطلاح لیکن یہ آج کل کے بچوں اور ٹین ایجرز میں بہت مقبول ہے۔ کچھ والدین اس سے چڑتے ہیں، کچھ ٹیچرز بھی اس لفظ کو استعمال کرنے پر پابندیاں لگاتے ہیں۔

کچھ والدین اور ٹیچرز آن لائن ویڈیوز میں اس لفظ کے اپنے اپنے طور پر مطلب سمجھاتے نظر آتے ہیں۔ کچھ لوگ یہ ٹپس دیتے بھی نظر آتے ہیں کہ اپنے بچوں کو پورا دن یہ لفظ استعمال کرنے سے کیسے روکا جائے۔ لیکن یہ اتنا وائرل ہے کہ ڈکشنری ڈاٹ کام کے ورڈ آف دی ایئر میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہو گیا ہے۔

لیکن (7-6) کے معنی کیا ہیں؟

ڈکشنری ڈاک کام کے مطابق وہ خود کنفیوز ہیں کہ اس کے معنی کیا ہیں۔ ویب سائٹ نے اس لفظ کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ 'گھبرائیں نہیں، کیوں کہ ہم خود بھی ابھی جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آخر اس لفظ کے اصل معنی کیا ہیں۔'

ڈکشنری ڈاٹ کام کے مطابق اس اصطلاح کو سوشل میڈیا پر 'سو سو' کے معنوں میں لیا جاتا ہے۔ یعنی ایک ایسا اظہار جس میں رائے درمیانی ہو۔ نہ ہاں میں ہو نہ ناں میں۔

جیسے کسی چیز کے بارے میں کہا جائے کہ یہ بھی ٹھیک ہے، وہ بھی ٹھیک ہے۔ یہ بھی ہوسکتا ہے، وہ بھی ہوسکتا ہے۔ آج کل کے نوجوان اس طرح کے جملوں کے متبادل کے طور پر یہ 7-6 کی اصطلاح استعمال کر رہے ہیں۔ لیکن اس لفظ کو استعمال کرتے ہوئے ہاتھ لہرانا بھی ضروری ہیں تب ہی آپ اس اصطلاح کا حق ادا کر سکیں گے۔

لیکن یہ بھی وہ معنی ہیں جو نئی نسل کی حرکات و سکنات سے اخذ کیے گئے ہیں۔ اس لفظ کا اصل مطلب کسی کو معلوم نہیں۔ ڈکشنری ڈاٹ کام کے مطابق یہ بے مطلب ہے، ہر جگہ استعمال ہونے والا لفظ ہے اور غیر منطقی ہے۔ لیکن اس کے باوجود یہ جین الفا کے لیے بامعنی ہے۔

یہ لفظ یا اصطلاح آئی کہاں سے؟

اس کی جڑیں 2024 میں ایک ریپر کے گانے سے جڑتی ہیں۔ ایک امریکی ریپر جو اسکریلا کے نام سے مشہور ہیں، انہوں نے 'ڈوٹ ڈوٹ (7-6)' کے نام سے ایک گانا بنایا تھا۔

یہ گانا ٹک ٹاک ویڈیوز میں باسکٹ بال کے کھلاڑیوں کی ویڈیوز کے ساتھ خوب وائرل ہوا۔ انہی کھلاڑیوں میں امریکی باسکٹ بال کھلاڑی لامیلو بال بھی شامل تھے جن کا قد چھ فٹ سات انچ ہے۔ ان کی ویڈیوز اس گانے کے ساتھ لگائی گئیں۔

اس کے بعد اس سال ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ایک بچہ سکس سیون چلا رہا تھا اور دوسرا بچہ اس کے ساتھ کھڑا ہاتھ لہرا رہا تھا۔

بس صرف یہی اس بے مطلب لفظ کے پیچھے کی کہانی ہے۔

اسے ورڈ آف دی ایئر کیوں بنایا گیا؟

ڈکشنری ڈاٹ کام نے کہا ہے کہ وہ ایسے الفاظ تلاش کرتی ہے جو ہماری بات چیت اور آن لائن ابلاغ پر اثرانداز ہوتے ہوں یا گہرا اثر رکھتے ہوں۔

ویب سائٹ اس کے لیے سرچ انجنز، ہیڈ لائنز اور سوشل میڈیا ٹرینڈز کو بھی نظروں میں رکھتی ہے۔ اس سال 7-6 کو آن لائن بہت زیادہ سرچ کیا گیا۔ جون کے بعد سے اس لفظ کو سرچ کرنے میں چھ گنا اضافہ دیکھا گیا ہے۔

##ورڈ آف دی ایئر
##سکس سیون
##جین الفا