مخصوص بیماریوں میں مبتلا افراد کو اگلے سال حج ادا نہیں کرسکیں گے

اقرا حسین
06:4217/11/2025, پیر
جنرل17/11/2025, پیر
ویب ڈیسک
وزارتِ مذہبی امور کی ویب سائٹ پر جاری نوٹس کے مطابق متعددی بیماریوں میں مبتلا افراد حج ادا نہیں کرسکیں گے۔
تصویر : ایکس / فائل
وزارتِ مذہبی امور کی ویب سائٹ پر جاری نوٹس کے مطابق متعددی بیماریوں میں مبتلا افراد حج ادا نہیں کرسکیں گے۔

سعودی حکومت نے اگلے سال کے حج کے لیے کچھ مخصوص بیماریوں میں مبتلا افراد پر پابندی عائد کردی ہے۔

وزارتِ مذہبی امور کی ویب سائٹ پر جاری نوٹس کے مطابق متعددی بیماریوں میں مبتلا افراد حج ادا نہیں کرسکیں گے۔

جن افراد کو حج ادا کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، ان میں شامل ہیں:

  1. گردوں کی بیماری، مثلاً وہ مریض جنہیں ڈائیلاسس کی ضرورت ہو۔
  2. دل کی بیماریاں، جن میں مریض ہلکی سی جسمانی مشقت بھی برداشت نہ کرسکتے ہوں۔
  3. پھیپھڑوں کی بیماریاں، جن میں مریض کو وقفے وقفے سے یا مسلسل آکسیجن کی ضرورت پڑتی ہو۔
  4. جگر کی ناکامی یا جگر کا سروسس (cirrhosis)۔
  5. وہ لوگ جو ذہنی بیماریوں کا شکار ہوں، جن سے یادداشت یا دماغی صلاحیت متاثر ہوتی ہو، جیسے ڈیمنشیا، یا ایسے افراد جنہیں شدید جسمانی معذوری ہو۔
  6. معمر افراد جو الزائمر یا ٹریمر کے مریض ہوں۔
  7. حاملہ خواتین جن کا آخری مہینہ چل رہا ہو، یا وہ جن کی حمل کے دوران پیچیدگیاں ہوں۔
  8. وہ افراد جنہیں خطرناک اور متعدی بیماریاں ہوں جن سے بڑی تعداد میں لوگوں کو خطرہ لاحق ہو، جیسے کھانسی، ٹی بی اور وائرل ہیمرجک فیور۔
  9. وہ مریض جو کینسر کے آخری مراحل میں ہوں یا کیموتھراپی، بایولوجیکل یا ریڈیالوجیکل علاج سے گزر رہے ہوں۔

پاکستان کی وزارتِ مذہبی امور نے ڈاکٹروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ حاجیوں کو مکمل تصدیق کے بعد ہی صحت کے سرٹیفکیٹ جاری کریں، تاکہ کسی ممکنہ قانونی کارروائی سے بچا جاسکے۔

وزارت نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی حاجی کی صحت سے متعلق غلط یا جھوٹی معلومات سامنے آئیں تو ایسے افراد کو سعودی عرب سے اپنے خرچے پر واپس آنا ہوگا۔

نوٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ اگر ویکسینیشن کے دوران کسی فرد میں اوپر بیان کی گئی بیماریوں میں سے کوئی بیماری پائی گئی تو حج کیمپ کے میڈیکل افسران کو اختیار ہوگا کہ وہ اسے سفر سے روک دیں۔

نوٹس کے مطابق سعودی مانیٹرنگ ٹیمیں آمد اور روانگی کے مقامات اور حج کے مختلف مقامات پر حاجیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹس کی جانچ کریں گی، تاکہ صرف وہی زائرین حج میں شامل ہوں جو مقرر کردہ صحت کے معیار پر پورا اترتے ہوں۔


#حج
#پاکستان
#سعودی عرب