
ترکیہ کے شہر استنبول میں واقع ’ڈیموکریسی اینڈ فریڈم آئی لینڈ‘ میں دنیا بھر کے 50 سے زائد ممالک کے 150 سے زائد اسلامی اسکالرز نے ’اسلامی اور انسانی ذمّے داری: غزہ‘ نامی ایک کانفرنس میں شرکت کی۔ اس کانفرنس کا مقصد غزہ میں جاری نسل کشی اور انسانی المیے کی طرف توجہ دلانا تھا۔
استنبول میں یہ تاریخی کانفرنس 22 اگست سے جاری ہے جس کا حتمی اعلامیہ کل بروز جمعہ (29 اگست) کو نمازِ جمعہ کے بعد آیا صوفیہ کی تاریخی مسجد سے پیش کیا جائے گا۔
دنیا بھر سے اسلامی اسکالرز استنبول میں اس لیے جمع ہوئے تھے تاکہ غزہ میں انسانی المیے پر دنیا کی توجہ مبذول کی جائے جو اسرائیل کی نسل کش ریاست کی جارحیت کا سامنا کر رہا ہے۔

علما نے ’اسلامی اور انسانی ذمے داری: غزہ‘ کے عنوان سے ہونے والے اس اجلاس میں جمع ہو کر انصاف، معافی اور یکجہتی کا پیغام دیا۔ 50 سے زائد ممالک کے 150 سے زیادہ اسلامی اسکالرز نے غزہ کے لیے امت مسلمہ کے اجتماعی ضمیر کو جگانے کے لیے طاقتور پیغامات دیے۔

حتمی اعلامیہ آیا صوفیہ سے جاری کیا جائے گا
یہ تاریخی کانفرنس آٹھ دن تک جاری رہنے کے بعد کل یعنی جمعے (29 اگست) کو آیا صوفیہ کی تاریخی مسجد میں جمعہ کی نماز کے بعد مسلم علما کے حتمی اعلامیے کے ساتھ اختتام پذیر ہوگی۔

دنیا کے لیے مضبوط پیغام
یہ اعلامیہ تاریخ میں ایک یادگار حیثیت رکھے گا اور اسرائیلی جبر کے شکار غزہ اور فلسطینیوں کے لیے امید کی کرن ثابت ہوگا۔
کانفرنس کی یہ حتمی دستاویز عالمی برادری کے لیے ایک مضبوط اپیل ہے جس میں علما کی یکجہتی، امت مسلمہ کے اجتماعی شعور، اور انسانی ذمے داری کے فہم کو اجاگر کرنے والے منصوبے اور تجاویز شامل ہیں۔