
تحقیق سے معلوم ہوا کہ وہ لوگ جو روز کم از کم 15 منٹ تیز چلتے تھے، ان میں وقت سے پہلے موت کا خطرہ تقریباً 20 فی صد کم ہو گیا، جبکہ وہ افراد جو آہستہ چلتے تھے چاہے تین گھنٹے سے زیادہ وقت کے لیے، ان میں یہ خطرہ صرف چار فی صد کم ہوا۔
کیا آپ جم نہیں جا پاتے؟ فکر نہ کریں۔ کیوں کہ ایک نئی تحقیق کے مطابق اگر آپ روزانہ صرف 15 منٹ تیز قدموں سے واک ہی لر لیں تو بھی آپ صحت مند رہ سکتے ہیں۔
ماہرینِ صحت عام طور پر مشورہ دیتے ہیں کہ ہفتے میں کم از کم 150 منٹ درمیانے درجے کی فزیکل ایکسرسائز کرنی چاہیے۔ لیکن ایک نئی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ اگر یہ وقت نکالنا مشکل ہو تو روز صرف 15 منٹ تیز چلنا بھی تقریباً وہی فائدے دے سکتا ہے۔

ڈاکٹر ژینگ امریکہ کی وانڈربلٹ یونیورسٹی میڈیکل سینٹر میں ایپیڈیمولوجی کے ماہر ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ یہ تو ہمیں پہلے سے معلوم تھا کہ تیز چلنا بہتر ہے۔ لیکن یہ واضح نہیں تھا کہ روز کتنا وقت تیز چلنا چاہیے تاکہ اس کے فائدے حاصل ہوں۔
تحقیق سے معلوم ہوا کہ وہ لوگ جو روز کم از کم 15 منٹ تیز چلتے تھے، ان میں وقت سے پہلے موت کا خطرہ تقریباً 20 فی صد کم ہو گیا، جبکہ وہ افراد جو آہستہ چلتے تھے چاہے تین گھنٹے سے زیادہ وقت کے لیے، ان میں یہ خطرہ صرف چار فی صد کم ہوا۔
کتنا تیز چلیں؟
ہر شخص کے چلنے کی رفتار مختلف ہو سکتی ہے اس لیے یہ کیسے تعین کریں کہ کتنا تیز چلنا چاہیے؟ برطانیہ کی نیشنل سروس یہ کہتی ہے کہ اگر آپ تیز چل رہے ہوں تو آپ بات تو کر سکتے ہیں مگر گانا نہیں گا سکتے۔ یہ تیز چلنے کی ایک عام پہچان ہے۔
آپ چاہیں تو قدموں کی رفتار بڑھا سکتے ہیں یا کسی موبائل ایپ کے ذریعے بھی اپنی رفتار کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔
پیدل چلنے کے فائدے
پیدل چلنے سے صحت کو کئی فائدے ہوتے ہیں جیسے وزن قابو میں رہنا، شوگر کنٹرول رہنا، کینسر کے خطرے میں کمی، جوڑوں کے درد میں کمی اور قوتِ مدافعت میں بہتری وغیرہ۔
ماہرین کہتے ہیں کہ جب لوگ باقاعدگی سے ورزش کرتے ہیں تو ان کی خون کی نالیاں بہتر طریقے سے کام کرنے لگتی ہیں، کولیسٹرول کم ہوتا ہے، اور مجموعی طور پر خطرناک بیماریوں سے بچاؤ ہوتا ہے۔
نئی تحقیق سے یہ بھی پتا چلا ہے کہ روز پیدل چلنے سے الزائمر یا یادداشت کی کمزوری جیسے دماغی مسائل کے خطرے میں کمی آ سکتی ہے۔
ڈاکٹر ژینگ کہتے ہیں کہ آہستہ ہو یا تیز، چلنا فائدہ مند ہے۔ لیکن ہماری تحقیق سے پتا چلتا ہے کہ اگر آپ روزانہ کم از کم 15 منٹ تیز چلیں تو فائدے خاص طور پر نمایاں ہوتے ہیں۔