دونوں بازو سے معذور فلسطینی بچے کی تصویر کو ورلڈ پریس فوٹو ایوارڈ

12:3817/04/2025, جمعرات
جنرل17/04/2025, جمعرات
ویب ڈیسک
غزہ کے معذور فلسطینی بچے کی تصویر کو ورلڈ پریس فوٹو ایوارڈ
تصویر : نیویارک ٹائمز / فائل
غزہ کے معذور فلسطینی بچے کی تصویر کو ورلڈ پریس فوٹو ایوارڈ

اسرائیلی حملے میں بازو سے محروم ہونے والے نو سالہ فلسطینی بچے کی تصویر کو ورلڈ پریس فوٹو آف دی ایئر 2025 کا ایوارڈ دے دیا گیا ہے۔

یہ تصویر نیویارک ٹائمز کے لیے فوٹوگرافر سمر ابو الوف نے کھینچی تھی، اور اس تصویر میں بچے کا نام محمود عجور ہے۔

سمر ابو الوف کہتی ہیں کہ ’محمود کی والدہ نے مجھ سے جو سب سے تکلیف دہ بات کہی، وہ یہ تھی کہ جب محمود کو یہ احساس ہوا کہ اُس کے دونوں بازو کاٹ دیے گئے ہیں، تو اُس کا پہلا جملہ یہ تھا 'امی، اب میں آپ کو گلے کیسے لگاؤں گا؟'

محمود عجور کو مارچ 2024 میں اسرائیلی حملے کے بعد قطر کے دارالحکومت دوحہ منتقل کیا گیا تھا۔

تصویر بنانے والی فوٹوگرافر سمر ابو الوف بھی خود غزہ سے تعلق رکھتی ہیں، جنہیں دسمبر 2023 میں وہاں سے نکالا گیا۔ وہ اب دوحہ میں مقیم ہیں۔

ورلڈ پریس فوٹو کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر جمانا الزین خوری نے کہا کہ ’یہ ایک خاموش لیکن بہت گہری تصویر ہے۔ یہ تصویر صرف ایک بچے کی کہانی نہیں، بلکہ ایک ایسی وسیع جنگ کی داستان بھی سنا رہی ہے جس کے اثرات نسلوں تک محسوس کیے جائیں گے‘۔

جیوری کے مطابق محمود اپنے پاؤں سے موبائل گیمز کھیلنے، لکھنے اور دروازے کھولنے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن ابھی بھی اُسے روزمرہ کے کاموں جیسے کھانے اور کپڑے پہننے کے لیے خصوصی مدد کی ضرورت ہے۔

ورلڈ پریس فوٹو کے منتظمین نے کہا کہ محمود کا خواب ہے کہ وہ مصنوعی بازو حاصل کر کے دوسرے بچوں کی طرح زندگی گزارنا چاہتا ہے۔

بیان میں اقوامِ متحدہ کے ریلیف ادارے (انروا) کے مطابق دسمبر 2023 تک غزہ میں سب سے زیادہ بچوں کے اعضا ضائع ہونے کے کیسز رپورٹ ہوئے۔


#مشرق وسطیٰ
#فلسطین
#ورلڈ پریس فوٹو آف دی ایئر