
وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے کے لیے ترکیہ کے شہر انقرہ پہنچ گئے ہیں۔ جہاں وہ ترک صدر رجب طیب اردوان سے دوطرفہ تعاون اور علاقائی ترقیات پر تفصیلی بات چیت کے لیے ملاقات کریں گے۔
وزیراعظم کی ترک صدر اردوان سے ملاقات کے دوران دونوں رہنما دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی بات چیت کریں گے اور حالیہ علاقائی اور عالمی ترقیات پر اپنے خیالات کا تبادلہ کریں گے۔
دونوں ممالک نے باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تعاون اور ہم آہنگی کے لئے اعلیٰ سطحی سٹریٹجک کوآپریشن کونسل (ایچ ایل ایس سی سی) کی شکل میں قیادت کی سطح کا طریقہ کار بھی تشکیل دیا ہے۔ ایچ ایل ایس سی سی کا 7 واں اجلاس 12،13 فروری 2025 کو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
صدر رجب طیب اردوان اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے 7ویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔متوقع ملاقات اس مضبوط مکالمے کے تسلسل کی نمائندگی کرتی ہے اور پاکستان اور ترکیہ کے درمیان کثیر الجہتی شراکت داری کو مزید بلند کرنے کے مشترکہ عزم کو اجاگر کرتی ہے۔نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات ونشریات عطا اللہ تارڑ اور معان خصوصی طارق فاطمی بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔