
کینیڈا میں شروع ہونے والے جی سیون اجلاس میں شرکت کے لیے انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی کو اب تک دعوت نہیں دی گئی۔
اس سال جی 7 اجلاس کینیڈا کے شہر اوٹاوا میں ہو رہا ہے، پچھلے کئی سالوں سے 7 ممالک کے اجلاسوں میں انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی کو خصوصی مہمان کے طور پر بلایا جاتا رہا۔
جی 7 گروپ میں فرانس، جرمنی، اٹلی، برطانیہ، جاپان، امریکہ اور کینیڈا شامل ہیں۔ اس اجلاس میں یورپی یونین، آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور اقوام متحدہ کے نمائندے بھی شرکت کرتے ہیں۔
بھارتی میڈیا ادارے انڈیا ٹوڈے کے مطابق جنوبی افریقہ، یوکرین اور آسٹریلیا نے کینیڈا کی دعوت قبول کر لی ہے۔ تاہم ’وزیراعظم مودی کی شرکت کے بارے میں ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا‘۔
رپورٹ کے مطابق ’انڈیا کو اب تک اجلاس کے لیے کوئی دعوت نامہ موصول نہیں ہوا، جو 15 سے 17 جون تک کینیڈا میں ہونا ہے‘، تاہم یہ بھی کہا گیا کہ انڈیا کی قیادت خود بھی شرکت کے لیے زیادہ دلچسپی نہیں رکھتی۔ ذرائع کے حوالے سے کہا گیا کہ ’ایسے کسی سینئر سطحی دورے سے قبل تعلقات میں بہتری ضروری ہے‘۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ اگر وزیراعظم مودی مستقبل میں کینیڈا کا دورہ کریں تو اس دوران سیکیورٹی خدشات کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا۔