پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ اسمبلی کے سابق اسپیکر آغا سراج درانی انتقال کر گئے

اقرا حسین
07:4315/10/2025, بدھ
جنرل15/10/2025, بدھ
ویب ڈیسک
صدر آصف علی زرداری نے بھی آغا سراج درانی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
تصویر : سوشل / فائل
صدر آصف علی زرداری نے بھی آغا سراج درانی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ اسمبلی کے سابق اسپیکر آغا سراج درانی انتقال کر گئے، اس بات کی تصدیق سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کی ہے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان میں مراد علی شاہ نے آغا سراج درانی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ آغا سراج درانی پارٹی کے مخلص، وفادار رہنما تھے جنہوں نے سندھ اسمبلی کو مضبوط کرنے اور جمہوریت کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ’آغا سراج درانی نے عوامی خدمت کو اپنی سیاست کا محور بنایا‘ اور سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے بھی آغا سراج درانی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔



کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب نے بھی آغا سراج درانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ’ایک باعزت شخص قرار دیا جو مشکل ترین حالات میں بھی پیپلز پارٹی اور قیادت کے ساتھ ڈٹے رہے۔‘




آغا سراج درانی کون تھے؟

آغا سراج درانی پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر ترین رہنماؤں میں سے ایک تھے۔ انہوں نے سندھ اسمبلی کے اسپیکر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں اور صوبے کے قانون ساز اور جمہوری ڈھانچے کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کیا۔

آغا سراج درانی 5 اکتوبر 1953 کو شکارپور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم کراچی کے سینٹ پیٹرک ہائی اسکول سے حاصل کی، جبکہ بعد میں سندھ مسلم گورنمنٹ لاء کالج سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی، جس نے ان کی سیاسی اور قانونی زندگی کی بنیاد رکھی۔

وفات سے قبل آغا سراج درانی کئی ہفتوں سے کراچی کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ انتقال کے وقت ان کی عمر 72 سال تھی۔


#پاکستان
#سندھ
#پیپلزپارٹی