پاکستان میں حج کے لیے کم درخواستیں، پرائیویٹ کوٹا کی 16 ہزار نشستیں خالی

12:5414/10/2025, منگل
جنرل14/10/2025, منگل
ویب ڈیسک
فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کی وزارتِ مذہبی امور نے کہا ہے کہ اس سال پرائیویٹ کوٹا کے تحت حج کے لیے کم درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور تقریباً 16 ہزار نشستیں خالی ہیں جب کہ درخواستیں جمع کرانے کی ڈیڈلائن 17 اکتوبر قریب آ گئی ہے۔

پاکستان کو سعودی حکومت کے جانب سے 2026 کے حج کے لیے ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین کا کوٹا ملا ہے۔ ان میں سے تقریباً ایک لاکھ 18 ہزار نشستیں سرکاری حج اسکیم کے لیے رکھی گئی ہیں اور باقی پرائیویٹ حج اسکیم کے لیے مختص ہیں۔

واضح رہے کہ سرکاری حج اسکیم کے تحت اخراجات پرائیویٹ کوٹے کی نسبت کم آتے ہیں۔ اس لیے سرکاری اسکیم کے تحت جانے والے خواہش مندوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے۔ لیکن پرائیویٹ حج میں زیادہ سہولتوں کے لحاظ سے زیادہ اخراجات ہوتے ہیں۔

وزارتِ مذہبی امور نے پیر کو اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس سال پرائیویٹ کوٹا کے لیے مختص 60 ہزار نشستوں پر اب تک صرف 44 ہزار درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور 16 ہزار نشستیں خالی ہیں۔

وزارت نے ہدایت کی ہے کہ جو عازمین پرائیویٹ کوٹا کے تحت حج پر جانے کی خواہش مند ہیں وہ ڈیڈ لائن سے قبل اپنی بکنگ کرا لیں۔

یاد رہے کہ پچھلے سال پرائیویٹ اسکیم کے تحت بکنگ کرانے والے 63 ہزار پاکستانی حج پر جانے سے محروم رہ گئے تھے جس کی وجہ پرائیویٹ ٹوور آپریٹرز کی جانب سے ادائیگیوں میں تاخیر اور بدانتظامی تھی۔ جس کی وجہ سے پاکستان کو یہ کوٹا سعودی حکومت کو واپس کرنا پڑا تھا۔

سرکاری حج اسکیم کے تحت درخواستیں جمع کرانے والوں کو اپنے پیکج کے مطابق پانچ لاکھ یا ساڑھے پانچ لاکھ روپے کی رقم پہلی قسط کے طور پر اگست میں جمع کرانی تھی۔ باقی ادائیگیاں نومبر میں کی جانی ہیں۔

##پاکستان
##حج
##حج اسکیم