پاکستان اور افغانستان کی سیکیورٹی فورسز کے درمیان بارڈر پر شدید جھڑپیں، پاکستان کے حالیہ فضائی حملوں کا جواب دیا ہے: افغان فورسز

23:2511/10/2025, ہفتہ
جنرل12/10/2025, اتوار
ویب ڈیسک
پاکستان اور طالبان فورسز کے درمیان سرحد پر شدید فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ کئی گھنٹوں سے جاری ہے۔
پاکستان اور طالبان فورسز کے درمیان سرحد پر شدید فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ کئی گھنٹوں سے جاری ہے۔

اطلاعات کے مطابق پاکستانی فورسز بھرپور جوابی کارروائی کر رہی ہیں اور طالبان کی چوکیوں کے ساتھ ساتھ سرحدی علاقوں میں موجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

پاکستان اور افغانستان کے بارڈر پر مختلف علاقوں میں دونوں ملکوں کی فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں اور دونوں طرف سے شدید فائرنگ اور گولے باری کی جا رہی ہے۔

افغانستان کی طالبان فورسز نے اپنے بیان میں دعوٰی کیا ہے کہ انہوں نے پاکستان کے حالیہ فضائی حملوں کا جواب دینے کے لیے کئی علاقوں میں بڑے پیمانے پر حملے کیے ہیں اور سرحدی چوکیوں کو نشانہ بنایا ہے۔

پاکستان میں عسکری ذرائع نے اس کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے افغان حملوں کا بھرپور جواب دینے اور متعدد چوکیاں تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔


پاکستان میں عسکری ذرائع نے افغانستان سے کیے گئے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان افواج نے انگور اڈہ، باجوڑ، کرم، دیر، چترال کے علاوہ بلوچستان میں بارام چاہ کے مقامات پر بِلا اشتعال فائرنگ کی۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی فوج کی جانب سے بھرپور اور شدید جواب دیا گیا اور کارروائی ابھی بھی جاری ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے دی جانے والی اطلاعات کے مطابق پاکستانی فورسز کی جانب سے طالبان کی چوکیوں کے ساتھ ساتھ سرحدی علاقوں میں موجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔


واضح رہے کہ جمعرات کو رات گئے کابل میں دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں جن سے متعلق یہ دعوٰی کیا جا رہا تھا کہ پاکستان نے کابل میں فضائی حملہ کر کے دہشت گرد لیڈر کو ہلاک کر دیا ہے۔

تاہم پاکستان کی جانب سے ان اطلاعات کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی تھی اور جمعے کو پاکستانی فوج کے ترجمان نے اس بارے میں پوچھے گئے دو سوالوں کے جواب میں یہی کہا کہ پاکستان کے عوام کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام کریں گے۔

تاہم طالبان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی نے کہا تھا کہ پاکستان نے سرحدی علاقوں میں فضائی حملے کیے ہیں۔

##پاکستان
##افغانستان
##حملے