مودی نے یقین دلایا ہے کہ وہ روس سے تیل نہیں خریدے گا، امریکی صدر ٹرمپ

اقرا حسین
12:1116/10/2025, Perşembe
جنرل16/10/2025, Perşembe
AFP
انڈیا دنیا کے سب سے بڑے تیل درآمد کرنے والے ممالک میں شامل ہے
تصویر : ویب سائٹ / بلوم پاکستان
انڈیا دنیا کے سب سے بڑے تیل درآمد کرنے والے ممالک میں شامل ہے

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے انہیں یقین دلایا ہے کہ انڈیا روس سے تیل خریدنا بند کر دے گا، انہوں نے اسے ماسکو کو معاشی طور پر تنہا کرنے کی کوششوں میں ’بڑی پیش رفت‘ قرار دیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انڈیا اور چائنہ روسی تیل کے سب سے بڑے خریدار ہیں، جو یورپی خریداروں کے پیچھے ہٹنے اور 2022 میں یوکرین پر حملے کے بعد امریکا اور یورپی یونین کی پابندیوں کے نتیجے میں روس کی جانب سے دی جانے والی رعایتی قیمتوں سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

ٹرمپ حالیہ ہفتوں میں روسی تیل کی خریداری پر انڈیا کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔ انہوں نے انڈین برآمدات پر اضافی ٹیرف عائد کیے تاکہ انڈیا کو روسی تیل کی خریداری سے روکا جا سکے۔


ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میں خوش نہیں تھا کہ انڈیا روس سے تیل خرید رہا ہے، لیکن آج مودی نے مجھے یقین دلایا ہے کہ انڈیا اب روس سے تیل نہیں خریدے گا۔ یہ ایک بڑی پیش رفت ہے۔ اب ہم چائنہ کو بھی ایسا کرنے پر راضی کریں گے‘۔

واشنگٹن میں انڈین سفارت خانے نے اس حوالے سے بھیجی گئی ای میلز کا فوری جواب نہیں دیا کہ آیا مودی نے واقعی ایسا وعدہ کیا ہے یا نہیں۔

اگر انڈیا واقعی روسی تیل خریدنا بند کر دیتا ہے تو یہ عالمی توانائی سفارت کاری میں ایک اہم موڑ ہوگا، کیونکہ واشنگٹن روسی تیل سے حاصل ہونے والی آمدنی روکنے کے لیے اپنی کوششیں تیز کر رہا ہے۔ یہ فیصلہ ماسکو کے بڑے توانائی خریداروں میں سے ایک کی پالیسی میں بڑی تبدیلی ہوگی اور دوسرے ممالک کے فیصلوں کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔

ٹرمپ کے مطابق انڈیا روسی تیل کی خریداری کو فوراً بند نہیں کر سکتا کیونکہ اس کے لیے کچھ وقت اور مراحل درکار ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ یہ عمل جلد مکمل ہو جائے گا۔


انڈیا کا ردعمل

انڈیا کی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ اپنی توانائی کی پالیسی میں سب سے پہلے اپنے شہریوں کے فائدے اور حفاظت کو مدنظر رکھتی ہے۔ وہ یہ چاہتے ہیں کہ عوام کو گیس بجلی تیل کی قیمتیں مستحکم ملیں اور اس کی فراہمی ہمیشہ محفوظ رہے۔ اسی لیے وہ مختلف ذرائع سے انرجی حاصل کرنے اور اپنی درآمدات میں تنوع پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انڈیا دنیا کے سب سے بڑے تیل درآمد کرنے والے ممالک میں شامل ہے اور اپنی ضرورت کا زیادہ تر حصہ یعنی تقریباً 85 فیصد تیل باہر سے لاتا ہے۔ عام طور پر انڈیا مشرقِ وسطیٰ سے تیل خریدتا رہا ہے، لیکن 2022 کے بعد اس نے روس سے سستے تیل کی خریداری میں اضافہ کر دیا۔

وزارتِ خارجہ کے ترجمان جیسوال نے کہا کہ امریکا کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے مذاکرات جاری ہیں اور پچھلی دہائی میں اس میں خاصی ترقی ہوئی ہے۔


یہ بھی پڑھیں:




#انڈیا
#امریکا
#روس
#معیشت