پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات آج دوحہ میں ہوں گے

اقرا حسین
08:5017/10/2025, Cuma
جنرل17/10/2025, Cuma
ویب ڈیسک
پاکستان اور افغانستان کے درمیان عارضی جنگ بندی آج (جمعہ) شام 6 بجے ختم ہونے والی ہے
تصویر : اے ایف پی / فائل
پاکستان اور افغانستان کے درمیان عارضی جنگ بندی آج (جمعہ) شام 6 بجے ختم ہونے والی ہے

پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات آج قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہوں گے۔

طالبان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے جاری تفصیلات کے مطابق امارت اسلامیہ افغانستان کے وفد جس کی قیادت وزیر دفاع مولوی محمد یعقوب مجاہد کر رہے ہیں اور پاکستان کے متعدد سکیورٹی اور انٹیلی جنس حکام آج جمعہ کو دوحہ میں مذاکرات کریں گے۔

پاکستان کی طرف سے ابھی ان مذاکرات کے بارے میں تفصیلات شیئر نہیں کی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ پچھلےایک ہفتے سے پاکستان اور افغانستان کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری تھا۔ تاہم بدھ کے روز شام چھ بجے دونوں ملک سیز فائر پر راضی ہوئے اور بات چیت کے ذریعے مسائل حل کریں گے۔ یہ سیز فائر آج شام چھ بجے تک برقرار رہے گی۔

’قطر نے ثالثی کی پیشکش کی ہے‘

وزیرِاعظم شہباز شریف نے حال ہی میں کابینہ کے اجلاس کے دوران کہا تھا کہ قطر نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان ثالثی کی پیشکش کی ہے اور وہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے کے لیے ’سنجیدگی سے تیار‘ ہے۔نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار کو قطر کے وزیرِ مملکت برائے خارجہ امور ڈاکٹر عبدالعزیز الخلیفی کا پیغام بھی موصول ہوا، جنہوں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کی تعریف کی۔ اسحاق ڈار نے قطر کی مسلسل حمایت اور ثالثی کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان عارضی جنگ بندی آج (جمعہ) شام 6 بجے ختم ہونے والی ہے، جس سے دوحہ میں ہونے والی بات چیت کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔



یہ بھی پڑھیں:

#پاکستان
#افغانستان
##سرحدی جھڑپیں
#قطر
#مذاکرات
#سیاست