سعودی عرب اور امریکہ کسی دفاعی معاہدے پر مذاکرات کر رہے ہیں: رپورٹ

12:3717/10/2025, جمعہ
جنرل17/10/2025, جمعہ
ویب ڈیسک
فائل فوٹو
فائل فوٹو

معروف برطانوی اخبار 'فائنانشل ٹائمز' نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ سعودی عرب امریکہ کے ساتھ کسی دفاعی معاہدے پر بات کر رہا ہے اور اگلے مہینے ولی عہد محمد بن سلمان وائٹ ہاؤس کا دورہ بھی کر سکتے ہیں۔

جمعے کو شائع ہونے والی اس رپورٹ میں فائنانشل ٹائمز نے معاملے سے آگاہ ٹرمپ انتظامیہ کے ایک سینیئر عہدے دار کے حوالے سے خبر دی ہے۔ اس عہدے دار نے فائنانشل ٹائمز کو بتایا کہ ولی عہد کی آمد پر کسی معاہدے پر دستخط کی باتیں چل رہی ہیں لیکن تفصیلات ابھی واضح نہیں۔

برطانوی اخبار کے مطابق یہ معاہدہ جس پر بات چیت چل رہی ہے، امریکہ اور قطر کے معاہدے جیسا ہو سکتا ہے جس میں قطر پر کوئی بھی حملہ امریکہ کے لیے خطرے کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ امریکہ کا قطر کے ساتھ یہ معاہدہ اسرائیل کے دوحہ پر حملے کے بعد طے پایا ہے۔

فائنانشل ٹائمز کی اس خبر پر جب رائٹرز نے مؤقف لینے کے لیے امریکی محکمۂ خارجہ، وائٹ ہاؤس اور سعودی حکومت سے رابطہ کیا تو تینوں کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

گزشتہ ماہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ایک اہم دفاعی معاہدہ طے پایا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ کسی ایک ملک پر حملہ دونوں ملکوں پر حملہ تصور کیا جائے گا۔

##امریکہ
##سعودی عرب
##دفاعی معاہدہ