خیبرپختونخوا میں مختلف آپریشنز میں 34 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا: آئی ایس پی آر

13:3216/10/2025, جمعرات
جنرل16/10/2025, جمعرات
ویب ڈیسک
فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کی فوج کے مطابق خیبرپختونخوا میں مختلف آپریشنز کے دوران انڈیا کے حمایت یافتہ 34 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

فوج کے ترجمان ادارے 'آئی ایس پی آر' کے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق یہ آپریشنز 13 سے 15 اکتوبر کے دوران شمالی و جنوبی وزیرستان اور بنوں میں کیے گئے۔

بیان کے مطابق پہلا آپریشن شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں کیا گیا جس میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 18 خوارجیوں کو ہلاک کیا گیا۔ جنوبی وزیرستان میں کیے گیے ایک اور آپریشن میں آٹھ خوارجی مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف تیسرا آپریشن بنوں میں کیا گیا جس میں آٹھ خوارجی ہلاک ہو گئے۔

واضح رہے کہ خوارجی کی اصطلاح پاکستانی فوج کالعدم تنظیم تحریکِ طالبان پاکستان کے جنگجوؤں کے لیے استعمال کرتی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 'سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف بے دریغ مہم پوری شدت سے جاری رہے گی تاکہ ملک سے بیرونی حمایت یافتہ اور معاونت یافتہ دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکے۔'

واضح رہے کہ یہ آپریشنز ایسے موقع پر کیے گئے جب انہی دنوں میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان بارڈر پر جھڑپیں بھی جاری تھیں۔

##پاکستان
##دہشت گردی
##آپریشن