
پنجاب پولیس نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ سعد رضوی کے رہائش گاہ پر چھاپے کے دوران برآمد ہونے والے نقدی اور قیمتی اشیاء کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق برآمد ہونے والی اشیاء میں مقامی اور غیر ملکی کرنسی، سونے کے زیورات، مہنگی گھڑیاں، پرائز بانڈز اور دیگر قیمتی سامان شامل ہیں جن کی مالیت کروڑوں روپے بتائی گئی ہے۔
چھاپے کے دوران اہلکاروں کو کئی کروڑ روپے کی نقدی اور سونا ملا۔ پولیس کے مطابق رہائش گاہ سے پاکستانی کرنسی میں 14.44 کروڑ روپے ضبط کیے گئے، ساتھ ہی غیر ملکی کرنسی بھی برآمد ہوئی، جس میں 50 ہزار انڈین روپے شامل تھے۔
پولیس کے مطابق برآمد ہونے والی غیر ملکی کرنسی میں برطانیہ، کینیڈا، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے نوٹ بھی شامل تھے، جن کی مجموعی مالیت 25 لاکھ روپے سے زائد ہے۔
اس کےعلاوہ پنجاب پولیس نے کہا کہ کارروائی کے دوران 6.34 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سونا بھی برآمد ہوا۔
سعد رضوی کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا گیا لیکن پولیس کا کہنا ہے کہ ان کا پتہ لگ چکا ہے اور انہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
سعد رضوی اور ٹی ایل پی کارکنوں کے خلاف مقدمات درج
قانون نافذ کرنے والے اداروں (ایل ای اے) نے سعد رضوی اور مقامی ٹی ایل پی قیادت کے خلاف راولپنڈی کے راوات پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر دیا ہے۔
سب انسپکٹر نجیب اللہ کی شکایت پر درج اس ایف آئی آر میں اینٹی ٹیرر کلاز بھی شامل ہیں۔
ٹی ایل پی کی اسلام آباد کی جانب مارچ کے دوران کم از کم 40 سرکاری اور نجی گاڑیاں جلائی گئیں اور کئی دکانیں آگ کے حوالے ہو گئیں۔
پولیس کے ذرائع کے مطابق یہ مظاہرے 12 اور 13 اکتوبر کی درمیانی شب کے دوران ہوئے، جس میں 48 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، جن میں سے 17 گولی لگنے سے زخمی ہوئے۔
تشدد کے نتیجے میں کم از کم تین ٹی ایل پی کارکنان اور ایک عام شہری ہلاک ہوئے، جبکہ ابتدائی رپورٹس کے مطابق کم از کم 30 شہری بھی زخمی ہوئے۔