رات گئے اسرائیلی حملوں میں 63 فلسطینی ہلاک: ’کوئی بھی چیز جنگ بندی کو خطرے میں نہیں ڈال سکتی‘ ٹرمپ

اقرا حسین
07:4429/10/2025, بدھ
جنرل29/10/2025, بدھ
AFP
رات گئے اسرائیلی حملوں میں 63 فلسطینی ہلاک
تصویر : ایجنسی / اے ایف پی
رات گئے اسرائیلی حملوں میں 63 فلسطینی ہلاک

غزہ میں منگل کی شام سے جاری اسرائیلی فضائی حملوں میں 63 فلسطینی ہلاک ہو گئے ہیں، جن میں 24 بچے بھی شامل ہیں۔ طبی عملے نے ان حملوں کو جاری جنگ بندی معاہدے کی واضح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

بدھ کے روز غزہ کے طبی حکام نے بتایا کہ اسرائیلی افواج نے گھروں، گاڑیوں، بے گھر شہریوں کے خیموں اور اُس اسپتال کو نشانہ بنایا جو ’ییلو لائن‘ زون کے اندر واقع ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ’کچھ بھی‘ غزہ میں جنگ بندی کو خطرے میں نہیں ڈال سکتا۔

امریکی صدر نے اپنے ایشیا کے دورے کے دوران ایئر فورس ون میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا ’انہوں نے ایک اسرائیلی فوجی کو مار ڈالا تھا تو اسرائیلیوں نے جواب دیا، ان کا جواب دینا بنتا تھا۔‘ حماس اس الزام کی تردید کرتی ہے۔

اس سے قبل امریکی نائب صدر جے ڈی وینس بھی کہہ چکے ہیں کہ غزہ شہر پر اسرائیلی حملوں کے باوجود غزہ میں جنگ بندی برقرار ہے جبکہ اسرائیل اور حماس ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام لگا رہے ہیں۔

وینس نے صحافیوں کو بتایا، ’جنگ بندی برقرار ہے۔ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ یہاں، وہاں چھوٹی چھوٹی جھڑپیں نہیں ہوں گی۔‘

جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے غزہ پر ’شدید حملوں‘ کا حکم دیا ہے، یہ اعلان ایک اسرائیلی فوجی کی ہلاکت کی اطلاع کے بعد کیا گیا۔

فلسطینی حکام کے مطابق اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیل کی غزہ پر جاری نسل کش جنگ میں 68 ہزار 500 سے زائد افراد ہلاک اور ایک لاکھ 70 ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔



#اسرائیل حماس جنگ
##غزہ امن معاہدہ
#مشرق وسطیٰ