نیتن یاہو نے اسرائیل میں قید فلسطینیوں کو پھانسی دینے سے متعلق بل کی حمایت کردی

اقرا حسین
14:263/11/2025, پیر
جنرل6/11/2025, جمعرات
AA
اس وقت 10 ہزار سے زائد فلسطینی اسرائیلی جیلوں میں قید ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں
تصویر : یو این / فائل
اس وقت 10 ہزار سے زائد فلسطینی اسرائیلی جیلوں میں قید ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں

اسرائیل کے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے فلسطینی قیدیوں کو پھانسی دینے سے متعلق بل کی حمایت کردی ہے۔

یہ بل دائیں بازو کی انتہا پسند جماعت ’یہودی پاور پارٹی‘ نے پیش کیا ہے، جس کی قیادت قومی سلامتی کے وزیر اتمار بن گویر کر رہے ہیں۔ یہ بل بدھ کے روز اسرائیلی پارلیمان ’کنیسٹ‘ میں پیش کیا جائے گا۔

مسودہ قانون میں کہا گیا ہے کہ ’ایسے کسی بھی شخص کو سزائے موت دی جائے گی جو جان بوجھ کر یا لاپرواہی کی وجہ سے کسی اسرائیلی شہری کی موت کا سبب بنے اور یہ عمل نسلی تعصب، نفرت، یا ریاستِ اسرائیل کو نقصان پہنچانے کی نیت سے کیا گیا ہو‘۔

اسرائیل میں کسی بھی بل کو قانون بننے کے لیے کنیسٹ سے تین مراحل میں منظور ہونا ضروری ہے۔

اسرائیل کے سرکاری نشریاتی ادارے ’کان‘ کے مطابق کوآرڈینیٹر گال ہیرش نے پیر کو کنیسٹ کی نیشنل سیکیورٹی کمیٹی میں بتایا کہ نیتن یاہو نے اس بل کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔ ہیرش کا کہنا تھا کہ وہ ماضی میں اس بل کے مخالف تھے ’کیونکہ یہ غزہ میں موجود زندہ یرغمالیوں کی زندگی کے لیے خطرہ تھا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’اب یرغمالی زندہ واپس آگئے ہیں ہیں، اس لیے میری مخالفت کی کوئی وجہ نہیں‘۔

اسی روز کنیسٹ کی قومی سلامتی کمیٹی نے اس بل کو پہلے مرحلے میں منظوری دے دی گئی۔ بن گویر کئی بار اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کو سزائے موت دینے کے قانون کا مطالبہ کر چکے ہیں۔

اکتوبر میں، حماس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 20 نکاتی منصوبے کے تحت ہونے والے جنگ بندی معاہدے کے دوران 20 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کیا تھا۔

اس وقت 10 ہزار سے زائد فلسطینی اسرائیلی جیلوں میں قید ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ انسانی حقوق کی فلسطینی اور اسرائیلی تنظیموں کے مطابق یہ قیدی تشدد، بھوک اور طبی غفلت کا سامنا کر رہے ہیں، جب کہ کئی افراد حراست کے دوران ہلاک ہو چکے ہیں۔

حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ بن گویر کے اقدامات نے جیلوں کے حالات کو انتہائی خراب کر دیا ہے، جن میں قیدیوں کی ملاقاتوں پر پابندیاں، خوراک کی مقدار میں کمی، اور غسل خانے کے استعمال پر پابندیاں شامل ہیں۔


#مشرق وسطیٰ
#اسرائیل حماس جنگ
##غزہ امن معاہدہ
#نیتن یاہو