میکسیکو کی صدر کو چھونے اور گردن پر بوسہ دینے کی کوشش کرنے والا شخص گرفتار، 'اگر صدر کے ساتھ یہ ہو رہا ہے تو باقی خواتین کے ساتھ کیا ہوگا'

12:076/11/2025, Perşembe
جنرل6/11/2025, Perşembe
ویب ڈیسک
میکسیکو کی صدر کلاڈیا شینبام
میکسیکو کی صدر کلاڈیا شینبام

میکسیکو کی صدر کلاڈیا شینبام کے ساتھ سرِعام ہراسانی کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور صدر نے اس شخص کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر میکسیکو کی صدر کی ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں وہ اپنے حامیوں سے مل رہی ہیں اور اس دوران ایک شخص ان کے عقب سے آتا ہے اور ان کی گردن پر بوسہ دینے اور ان کے جسم کو چھونے کی کوشش کرتا ہے۔

یہ واقعہ منگل کو میکسیکو سٹی میں واقع نیشنل پیلس کے قریب اس وقت پیش آیا تھا جب کلاڈیا شینبام نیشنل پیلس سے وزارتِ تعلیم کی طرف پیدل جا رہی تھیں۔

جب اس شخص نے یہ حرکت کی تو میکسیکو کی صدر جلدی سے پیچھے ہٹ گئی تھیں اور ان کی ٹیم کا ایک رکن آگے آیا تھا۔

صدر کے ساتھ ہراسانی کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ اس وقت نشے میں تھا۔ میکسیکن صدر نے اس کے خلاف کارروائی کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس مختصر ویڈیو کلپ نے میکسیکو میں خواتین کو روزانہ درپیش ہراسانی اور حملوں کے مسئلے کو نمایاں توجہ دلائی ہے۔ واقعے کے بعد صدر کی سیکیورٹی اور سیاست دانوں کی حفاظت کے بارے میں بھی بات چیت ہو رہی ہے۔

پہلے بھی ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا تھا: میکسیکن صدر

بدھ کے روز ایک نیوز کانفرنس میں کلاڈیا نے بتایا کہ انہوں نے مذکورہ شخص کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 'اگر میں شکایت درج نہ کراؤں تو دوسری خواتین کے ساتھ کیا ہوگا۔ اگر یہ صدر کے ساتھ ہو سکتا ہے تو ملک کی باقی خواتین کے ساتھ کیا ہو گا۔'

صدر کلاڈیا شینبام کا کہنا تھا کہ جب وہ 12 سال کی تھیں اور اسکول جانے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرتی تھیں تو تب بھی انہیں ایسے ہی ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ان کے بقول اب جب وہ صدر ہیں تو انہیں محسوس ہوتا ہے کہ ان پر تمام خواتین کی نمائندگی اور ان کے تحفظ کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

میکسیکن نے ریاستی حکام سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ وہ اپنے قوانین اور طریقہ کار کا جائزہ لیں تاکہ خواتین کے لیے ایسے واقعات کی رپورٹ درج کرانا آسان بنایا جا سکے۔

شینبوم نے کہا کہ میکسیکن عوام کو ایک 'زور دار اور واضح پیغام' سننے کی ضرورت ہے۔ خواتین کی ذاتی حدود کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جا سکتی۔'

تاہم شینباؤم نے اس خیال کو مسترد کر دیا ہے کہ وہ اپنی سیکیورٹی بڑھائیں گی یا عوام سے ملنے جلنے کے طریقے میں کوئی تبدیلی کریں گی۔

##میکسیکو
##صدر
##ہراسانی