
افغان مہاجرین کی اپنے وطن واپسی کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے، حکام کے مطابق طورخم سرحد کھلنے کے بعد اتوار کے روز تقریباً 5 ہزار 220 افراد واپس افغانستان چلے گئے۔
اتوار کو فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق 401 افراد قانونی راستوں سے واپس گئے، جبکہ 2 ہزار 314 ایسے تھے جن کے پاس دستاویز نہیں تھے۔ اب تک 8 لاکھ 28 ہزار سے زائد افغان مہاجرین کو واپس بھیجا جا چکا ہے۔
دیگر صوبوں سے واپسی کا عمل بھی جاری ہے۔ اتوار کے روز اسلام آباد سے 19 اور پنجاب سے 450 مہاجرین طورخم سرحد کے ذریعے افغانستان واپس گئے، جس سے مختلف صوبوں سے واپس جانے والوں کی مجموعی تعداد 25 ہزار 392 ہوگئی۔
خیبر پختونخوا کے ٹرانزٹ پوائنٹس سے 19 افغان شہریوں کو ملک بدر کیا گیا، جبکہ پشاور، لنڈی کوتل اور کوہاٹ کی جیلوں سے 7 ہزار 261 قیدیوں کو واپس افغانستان بھیجا گیا ہے۔
تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک بدری مہم کے آغاز سے اب تک 54 ہزار سے زائد قانونی اور 6 لاکھ 28 ہزار دستاویز نہ رکھنے والے افغان مہاجرین اپنے وطن واپس جا چکے ہیں۔






