بیرونِ ملک جانے والوں کو آف لوڈ کرنے کے واقعات: 'ملوث افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی'

15:206/11/2025, جمعرات
جنرل6/11/2025, جمعرات
ویب ڈیسک
فائل فوٹو
فائل فوٹو

بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے امور کے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے ایئرپورٹس پر مسافروں کو آف لوڈ کرنے کی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو معاملہ حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مقامی میڈیا کی جانب سے رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ بیرونِ ملک جانے والے پاکستانیوں کے لیے نئے قواعد بنائے گئے ہیں جن کے تحت انہیں بیرونِ ملک جانے سے قبل ایک حلف نامہ جمع کرانا ہوگا اور کسی اعلیٰ سرکاری عہدے دار کی جانب سے اجازت نامہ جاری کیا جائے گا۔ جس سے یہ تصدیق ہوگی کہ یہ قانونی طور پر کسی ملک میں ملازمت کے لیے جا رہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد غیر قانونی انسانی اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن بتایا گیا تھا۔

بعض ایئرپورٹس پر ایسے واقعات بھی رپورٹ ہوئے تھے کہ بیرونِ ملک جانے والوں کو ورک ویزا ہونے کے باوجود جہاز سے آف لوڈ کر دیا گیا۔ مقامی میڈیا کی رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ حالیہ دنوں میں بیرون ملک جانے والے درجنوں پاکستانی ورکرز کو آف لوڈ کر دیا گیا۔

ایئرپورٹس پر امگریشن (ملک میں داخلے یا روانگی) کی ذمے داری ایف آئی اے سنبھالتی ہے۔ ایف آئی اے کے سربراہ رفعت مختار نے اعتراف کیا ہے کہ کراچی اور لاہور کے ایئرپورٹس پر ایسے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جن کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

تاہم ایف آئی اے نے کہا ہے کہ ورک ویزا رکھنے والوں کے سفر پر کوئی نئی پابندی نہیں لگائی گئی۔ ایف آئی اے نے ان خبروں کی بھی تردید کی ہے کہ مسافروں کو روانگی سے قبل کوئی اجازت نامہ یا حلف نامی جمع کرانا ہوگا۔

'ملوث افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی'

ان خبروں پر وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز سالک حسین نے نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی اے کو یہ یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے کہ دوبارہ کسی مسافر کو ایسے آف لوڈ نہ کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی کو یہ اجازت نہیں ہے کہ وہ ایئرپورٹس پر ورکرز کو غیر قانونی طور پر روکے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک میں ترسیلاتِ زر لاتے ہیں جس سے ملکی معیشت چلتی ہے اور یہ لوگ انتہائی قابلِ احترام ہیں۔

ایف آئی اے کے سربراہ نے کہا ہے کہ اگر کوئی عہدے دار مسافروں کو آف لوڈ کرنے میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک انیا ڈیجیٹل امگریشن سسٹم بھی جلد متعارف کرایا جائے گا جس کے ذریعے مسافر روانگی سے قبل کی کاغذی کارروائیاں آن لائن ہی کر سکیں گے۔

##پاکستان
##اوورسیز پاکستانی
##پاکستانی ورکرز