
انڈیا میں ایک موٹر سائیکل کی مسافر بس کو ٹکر سے پیش آنے والے حادثے میں 25 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق حادثہ جمعے کی صبح پیش آیا جس میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
انڈیا کی ریاست آندھرا پردیش میں کرنول ضلعے کے قریب ایک تیز رفتار مسافر بس اور موٹرسائیکل کی ٹکر ہوئی جس سے بس میں آگ لگ گئی۔ سینیئر پولیس افسر وکرانت پٹیل نے اے پی کو بتایا کہ بس میں لگنے والی آگ تیزی سے پھیل گئی اور درجنوں مسافر بس میں ہی پھنس گئے۔
پولیس افسر کے مطابق کچھ مسافروں نے کھڑکیاں توڑ کر چھلانگ لگا کر اپنی جانیں بچائیں اور اس کوشش میں لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں۔ لیکن بس میں موجود باقی لوگ مدد آنے سے پہلے ہی دھویں اور آگ سے جل کر ہلاک ہو گئے۔
بس میں 44 مسافر سوار تھے اور یہ بس انڈیا کے شہر حیدرآباد اور بنگلورو کے درمیان چلتی تھی۔
عجیب بات یہ ہے کہ بس نے موٹر سائیکل کو ٹکر نہیں ماری بلکہ موٹر سائیکل تیزی سے جانے والی بس کے پچھلے حصے میں ٹکرائی اور بس میں پھنسنے کے بعد اس کے ساتھ گھسٹتی چلی گئی۔ سڑک پر لوہے کی رگڑ سے چنگاریاں نکلیں جس سے بس کے فیول ٹینک کو آگ لگ گئی۔
پولیس افسر وکرانت پٹیل کے مطابق جب دھواں زیادہ پھیلنے لگا تو ڈرائیور نے بس روک کر آگ بجھانے والے آلے کے ذریعے آگ بجھانے کی بھی کوشش کی لیکن آگ اتنی زیادہ اور تیزی سے پھیلی کہ ڈرائیور اس پر قابو نہ پا سکا۔
ان کے بقول حادثے کے وقت زیادہ تر مسافر سو رہے تھے۔ بس مکمل طور پر جل گئی اور موٹر سائیکل سوار، جس کی شناخت نہیں ہو سکی، وہ بھی موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ فرانزک ماہرین حادثے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ انڈیا میں یہ دو ہفتوں سے بھی کم وقت میں مسافر بس کا یہ دوسرا ایسا حادثہ ہے جس میں کئی افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ چند روز قبل انڈیا کی ریاست راجستھان میں ایک مسافر بس میں شارٹ سرکٹ سے آگ لگ گئی تھی جس میں 20 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔






