
ترکیہ میں عالمی مالیاتی مرکز بننے کے وژن کے ساتھ قائم کیا گیا استنبول فنانس سینٹر نے چار بین الاقوامی ایوارڈز اپنے نام کرلیے۔
یہ ایوارڈز رئیل اسٹیٹ کے شعبے کے سب سے معتبر مقابلوں میں سے ایک انٹرنیشنل پراپرٹی ایوارڈز میں دیے گئے۔
ترکی کی نمائندگی کرتے ہوئے استنبول فنانس سینٹر نے کئی بڑے ایوارڈز جیتے۔ اسے ترکیہ میں بہترین منصوبہ سازی اور بہترین آفس ڈیولپمنٹ کے ایوارڈز ملے، جبکہ یورپ میں اسے بہترین کمرشل ہائی رائز ڈیولپمنٹ قرار دیا گیا۔ اس کے علاوہ استنبول فنانس سینٹر مال کو بہترین ری ٹیل ڈیولپمنٹ کا ایوارڈ بھی ملا۔
بین الاقوامی جیوری نے دنیا بھر کے منصوبوں کا جائزہ ڈیزائن کے معیار، پائیداری، صارف کے تجربے کے لحاظ سے لیا۔ ان ایوارڈز کے ساتھ استنبول فنانس سینٹر یورپ کے سب سے نمایاں رئیل اسٹیٹ منصوبوں میں شامل ہوگیا ہے۔

ترکی کے سب سے اسٹریٹجک منصوبوں میں شمار ہونے والا استنبول فنانس سینٹر ملکی و غیر ملکی مالیاتی اور غیر مالیاتی اداروں کو عالمی معیار کے ایکو سسٹم اور بین الاقوامی منڈیوں تک آسان رسائی فراہم کرتا ہے۔
استنبول فنانس سینٹر کے سی ای او احمد احسان اردم نے کہا کہ ’یہ عالمی ایوارڈز اس بات کا ثبوت ہیں کہ ہمارا منصوبہ نہ صرف ترکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی سراہا گیا ہے۔ 13 لاکھ مربع میٹر دفتری رقبہ، ایک لاکھ مربع میٹر شاپنگ مال، 26 ہزار گاڑیوں کی گنجائش والا پارکنگ ایریا اور اسمارٹ سٹی مینجمنٹ سسٹم کے ساتھ استنبول فنانس سینٹر کاروباری دنیا کی تمام ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ہمارا منصوبہ ترکی کی معیشت میں اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی مالیاتی مراکز میں سے ایک بننے کا وژن بھی رکھتا ہے۔ یہ ایوارڈز ہماری ٹیم اور شراکت داروں کے وژنری نقطہ نظر اور اعلیٰ معیار پر مبنی محنت کا نتیجہ ہیں‘۔
انٹرنیشنل پراپرٹی ایوارڈز ہر سال دنیا کے مختلف خطوں جیسے یورپ، ایشیا پیسیفک، افریقہ، امریکا، کینیڈا، مشرقِ وسطیٰ اور برطانیہ میں دیے جاتے ہیں، اور انہیں رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں عالمی سطح پر بہترین کارکردگی کا معیار سمجھا جاتا ہے۔






