
امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ نے کہا کہ امریکہ نے انڈیا کے ساتھ 10 سالہ دفاعی معاہدے پر دستخط کردیے ہیں۔
امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ نے انڈین ہم منصب راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کے بعد ایکس پرلکھا کہ یہ معاہدہ خطے میں امن، استحکام اور دشمنوں کو باز رکھنے کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔ اس کے ذریعے امریکہ اور انڈیا کے درمیان تعاون، معلومات کا تبادلہ اور دفاعی ٹیکنالوجی میں پارٹنرشپ مزید مضبوط ہوگی۔
انہوں ںے مزید کہا کہ ’ہمارے دفاعی تعلقات پہلے کبھی اتنے مضبوط نہیں رہے۔‘
ہندوستان ٹائمز کے مطابق یہ ملاقات کوالالمپور میں ہونے والے آسیان ڈیفنس منسٹرز میٹنگ-پلس کے موقع پر ہوئی، جو کل سے شروع ہونے والی ہے۔
معاہدے پر دستخط کے بعد، ہیگستھ نے واشنگٹن اور نئی دہلی کے درمیان پارٹنرشپ پر راج ناتھ سنگھ کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’امریکہ اور انڈیا کے درمیان اسٹریٹجک اتحاد باہمی مفادات، اعتماد اور ایک محفوظ و خوشحال انڈو پیسفک خطے کے عزم پر مبنی ہے۔‘
رپورٹ کے مطابق ہیگستھ نے اس 10 سالہ دفاعی معاہدے کو ’بہت پُرعزم‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ممالک کی افواج کے لیے ایک اہم قدم ہے، جو آئندہ کے لیے مزید گہرے اور بامعنی تعاون کا روڈمیپ طے کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ ہمارے مشترکہ تحفظ اور مضبوط شراکت داری کے لیے امریکہ کے طویل المدتی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔‘
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چند روز قبل امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے انڈین وزیرِ خارجہ سبرامنیم جے شنکر سے ملیشیا میں ملاقات کی تھی۔ یہ امریکہ کی جانب سے گزشتہ ہفتے روسی تیل کمپنیوں پر پابندیاں عائد کیے جانے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سب سے اعلیٰ سطحی رابطہ تھا، جن سے انڈیا اپنی خام تیل کی ایک بڑی مقدار حاصل کرتا ہے۔
جے شنکر نے سوشل میڈیا پر روبیو کے ساتھ مسکراتے ہوئے مصافحہ کرتی ہوئی ایک تصویر شیئر کی اور لکھا کہ انہوں نے ’دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی امور پر گفتگو کو سراہا۔‘











